لاہور(سپورٹس رپورٹر) چھ ٹیموں کے مابین قائداعظم ٹرافی کا آغازآج اتوار سے ہوگا، ایونٹ کے ابتدائی تین راؤنڈز تین مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے ، جن میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی، این بی پی اسٹیڈیم اور یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔ 11 روزہ بریک کے بعد ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ سے سٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی بھی وینیوز کی اس فہرست میں شامل ہوجائے گا۔قائداعظم ٹرافی 21-2020 میں کْل ایک کروڑ ستر لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ اس میں سے ایک کروڑ روپے ٹورنامنٹ کی فاتح اور پچاس لاکھ روپے رنرزاپ ٹیم کو ملیں گے ۔ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین باؤلر اور بہترین وکٹ کیپر کو5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ فائنل کے بہترین کھلاڑی کو 50 ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ایونٹ کی دفاعی چیمپئن سنٹرل پنجاب کی ٹیم اتوار سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز سندھ کے خلاف کرے گی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانے والا یہ میچ پی ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔بابراعظم کی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ میں شامل زمبابوے کے خلاف میچوں میں مصروفیت کے باعث سنٹرل پنجاب کی قیادت اظہر علی کے سپرد کی گئی ہے ۔ اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل بھی شامل ہیں۔