کوالالمپور(جاوید الرحمن) بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر ستر سالہ غاصبانہ قبضے اور نریندرا مودی کے کشمیر کے نہتے انسانوں پر تاریخ کے بدترین مظالم جیسے مجرمانہ اقدامات کے خلاف ملائیشیا کے مسلمان یکجہتی کی عظیم مثال بن گئے ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ’’ماپم ملائیشیا‘‘ کے چیئرمین حاجی محمد اعظمی عبدالحمید کی زیر قیادت ملائیشیا بھر کی 64 سو سے زائد مساجد میں کشمیریوں سے یکجہتی کی تحریک کا آغاز کر دیا گیا، اس سلسلہ میں پہلی تقریب ملائیشیا کی معروف مسجد روضۃالمتقین میں منعقد کی گئی، اس تحریک میں نہ صرف ملائیشیا بلکہ انڈونیشیا، برونائی، تھائی لینڈ ، سنگاپور اور دیگر ممالک کی انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں بھی شامل ہوگئیں، تقریب میں میں علماکرام ، دانشوروں ، صحافیوں اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد اعظمی نے شرکا کو کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر اکتوبر 1947 سے لیکر آج تک بھارت کے شرمناک ، مظالم ، قتل عام ، خواتین کی عصمت دری اور معصوم بچوں کے اغوا جیسے ہولناک جرائم سے آگاہ کیا، روزنامہ 92 نیوز کے نمائندے سے خصوصی بات کرتے ہوئے حاجی محمد اعظم عبدالحمید نے کہا کہ آج مظلوم کشمیریوں کی آواز نے امت مسلمہ کو اتحاد میں پرو دیا ہے ، یہ اتحاد قیامت تک سرگرم عمل رہے گا۔