اسلام آباد(خبر نگار)اگلے ہفتے کیلئے سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کیلئے 6بنچ تشکیل دیئے گئے جو کل سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران اسلام آباد ، کراچی اور لاہور رجسٹریوں میں اہم مقدمات کی سماعت کرینگے ۔ اسلام آباد میں تین، کراچی میں ایک جبکہ لاہور رجسٹری میں دو بنچ مقدمات کی سماعت کرینگے ۔اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کرنے والے بنچوں میں پہلا بنچ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل ہے ،بنچ نمبر دو جسٹس گلزار احمد اور جسٹس یحیی آفریدی ، بنچ نمبر تین میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسی شامل ہیں ۔ کراچی میں مقدمات کی سماعت کیلئے تشکیل واحدبنچ جسٹس مقبول باقر ، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اخترپر مشتمل ہے ۔ لاہور رجسٹری میں دو بنچ مقدمات سنیں گے ، پہلا بنچ جسٹس شیخ عظمت سعید ، جسٹس عمر عطابندیال اور جسٹس اعجازالاحسن جبکہ بنچ نمبر دو جسٹس منظور احمد ملک ، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل ہے ۔ ادھرسپریم کورٹ نے سابق لیگی رہنما سہیل ضیا بٹ کی بریت کیخلاف نیب اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی ۔ سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ 23 جولائی کو سماعت کریگا۔احتساب عدالت نے سہیل ضیا بٹ کو3 سال قید کی سزا دی تھی جسے لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دیا تھا ۔سہیل ضیا بٹ پر انڈسٹریل کوآپریٹو فنانس کارپوریشن کے فنڈز میں خردبرد کا الزام تھا۔ سہیل ضیا بٹ نوازشریف کے کزن اور سابق رکن قومی اسمبلی ہیں۔