فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ آج کے تاریخی دن دشمن نے حملہ کیا اور ہم نے ارادوں کو ملیا میٹ کر دیا، وطن کے لیے جان کا نذرانہ دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، عمران خان کی قیادت میں ملک کو آگے لیکر جائیں گے اور 30 سال سے ملک کو کنگال کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے ، فضل الرحمٰن پہلے بھی دھرنا دے چکے ، دوبارہ شوق پورا کرلیں، جہانگیر ترین ہمارے ساتھی مگر شوگر سکینڈل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وہ سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ، ایم این اے میاں فرخ حبیب بھی ان کے ہمراہ تھے ، قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر کے دن پاک افواج نے بے مثال قربانیاں دیں۔اس سے قبل انہوں نے نجی ادارے کی طرف سے یوم دفاع کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دو قسم کے دفاع کرنا ہیں ایک سرحدوں کا دفاع ایک اسلامی نظریے کا دفاع، کورونا کے خلاف ہم ایک قوم کی حیثیت سے لڑے اور کامیاب ہوئے ۔