ہوائی ( نیٹ نیوز)امریکہ میں 70 سالہ بوڑھے ترین سمندری پرندے کے انڈے سے ایک چوزے نے جنم لیا ہے ۔ اس مادہ پرندے کو وزڈم (فہم) کا نام دیا گیا ہے ۔امریکی فش اینڈ وائلڈ لائف سروس کے مطابق لیسن نسل کا ایک البیٹروس کا چوزہ یکم فروری کو دنیا میں چہچہاتا ہوا آیا اور یہ واقعہ شمالی اوقیانوس میں پرندوں کی محفوظ کردہ پناہ گاہ میں پیش آیا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ لیسن البیٹروس عموماً 12 سے 40 برس تک زندہ رہتے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر وزڈم 70 سال کی عمر تک پہنچ گئی ہے کیونکہ پہلی مرتبہ اسے 1956 میں سائنسدانوں نے دیکھا اور نوٹ کیا تھا،یہ ایک مادہ ہے اور اپنے نئے جیون ساتھی کے ساتھ 2012 سے رہ رہی ہے ، انڈہ دینے کے بعد وہ غذا کی تلاش میں سمندروں میں مصروف رہی جبکہ اس کے نر نے انڈے کا خیال رکھا، اب چوزے کی پیدائش کے بعد یہ دونوں باری باری اس کی غذا کا دھیان رکھ رہے ہیں۔