اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید23افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد29065ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 59343کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 12.93فیصد رہی،7678نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 57935ہو گئے ،961مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید814مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ دریں اثنا این سی او سی نے کورونا کی زیادہ شرح والے شہروں میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنیکا فیصلہ کرلیااور کہا کہ محکمہ تعلیم اور صحت کے حکام سے ملکر سکولوں کی بندش کا تعین کرینگے ،12سال سے زائد عمر کے طلبہ کو ویکسین لگانے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے ،اومیکرون سے متاثرہ شہروں کے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ کئے جائیں،ڈیٹا سے ویکسی نیشن لیولز اور انفیکشن ریٹ کا تعلق سامنے آیا ہے ۔دریں اثنا این سی او سی نے مساجد اور دیگرعبادت گاہوں سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا جس کے تحت مکمل ویکسی نیشن، ماسک پہننا ، صفوں اور نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ لازمی قرار دیدیا گیا ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مساجد سے کارپٹ ہٹادیئے جائیں، دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں،وینٹی لیشن کا مناسب انتظام کیا جائے جبکہ بزرگ اپنے گھروں میں عبادت اور نماز کو ترجیح دیں ۔ این سی او سی نے زور دیا کہ نماز جمعہ کی ادائیگی بھی مختصر دورانیے میں کی جائے ۔ تعلیمی اداروں میں آئندہ 2ہفتوں کیلئے بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کی جائے ۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد کی ضلع کچہری میں 15ججز کورونا میں مبتلا ہو گئے ۔متاثرہ ججز کی عدالتیں بند کر دی گئیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کا کورونا ٹیسٹ بھی پازیٹو آ گیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ کی عدالت کے اہلکار اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت کے ریڈر کا بھی کورونا مثبت آ گیا۔ پولی کلینک ہسپتال کی 5نرسیں بھی کورونامیں مبتلا ہو گئیں۔ اے سی سیکرٹریٹ میاں انیل سعید نے بنی گالہ میں نجی سکول کو اساتذہ اور طلبہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر سیل کردیا۔اسلام آبادمیں اومیکرون کے باعث ڈی سی حمزہ شفقات نے آج رات 12 بجے سے مختلف سیکٹرز کی 24 گلیوں کو سیل کر نیکا حکم نامہ جاری کردیا۔سینٹ سیکرٹریٹ نوٹیفکیشن کے مطابق سینٹ ملازمین 24 جنوری سے 50 فیصد حاضری پر عمل کرینگے ، ویکسی نیشن کارڈ دکھائے بغیر داخلہ ممنوع ہوگا۔دریں اثنا پنجاب میں اومیکرون کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اورمزید100مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کل تعداد 690ہو گئی۔لاہور میں مثبت شرح 17.90فیصد رہی، اومیکرون کے مریضوں کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ ہو گیا، 95نئے اومیکرون مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد643ہوگئی ۔ ملک بھر میں ابتک اومیکرون کیسز میں لاہور سرفہرست ہے ۔ شیخوپورہ سے 2 اور اوکاڑہ سے 3 نئے اومیکرون کیس سامنے آئے ۔علاوہ ازیں لاہور میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے الحمرا میں جاری تھیٹر فیسٹیول منسوخ کردیا گیا جو کہ 29جنوری تک جاری رہنا تھا۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ کی ہدایت پرجیلوں میں قیدیوں اور سٹاف کو ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کا آغاز کر دیا گیا۔ تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی بھی ہدایت کی گئی ۔ادھر ڈائریکٹر پی ایس ایل 2022 سلمان نصیر نے ہوٹل ارائیول پر کورونا ٹیسٹ میں3 کھلاڑیوں، پانچ سپورٹ سٹاف اور ہوٹل سٹاف ارکان کے نتائج مثبت آ نے کی تصدیق کر دی۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں55لاکھ97ہزارسے زائد ہو گئیں ۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا کیسز میں کمی کے باوجود ہفتہ وار کرفیو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، لیفٹیننٹ گورنر نے حکومت کی مارکیٹیں کھولنے کی سفارش کو بھی ویٹو کردیا ،تاہم نجی دفاتر میں 50فیصد حاضری کی سفارش کو منظور کرلیا ۔