کوئٹہ(سٹاف رپورٹر+خ ن)بلوچستان میں 265فراریوں نے ہتھیار ڈال دیئے ۔ ہتھیارڈالنے کی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، قائم مقام سپیکر بلوچستان اسمبلی ، صوبائی وزرا ، ارکان صوبائی اسمبلی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ فراری کمانڈروں نے آئین کے اندر رہتے ہوئے ملک اور صوبے کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ اس موقع پر کمسن بچوں نے ہتھیار ڈالنے والوں کو قومی پرچم اور پھول پیش کئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی اور احساس محرومی کا استحصال کرکے یہاں کے معصوم لوگوں کو ورغلا کر پہاڑوں پر بھیجا گیا اور ملک دشمن عناصر نے انہیں ریاست کے خلاف استعمال کیا ، انہوں نے کہا کہ دیگر عوامل کے ساتھ بڑی حد تک اس کی ذمہ داری حکمرانوں پر بھی عائد ہوتی ہے جنہوں نے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں اپنا کردار اد نہیں کیا جس سے بلوچستان کے عوام میں یہ تاثر اجاگرہوا کہ حکومت اور ریاست ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں موجودہ حکومت ماضی میں ہونے والی ان تمام کوتاہیوں کا ازالہ کرتے ہوئے یہاں کے عوام کی زندگیوں میں آسودگی اور بہتری لانے کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم بلوچستان کے لوگوں کو مثبت تبدیلی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔