اسلام آباد، راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی، 92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت طویل کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں قومی سلامی اورخطے کی سلامتی کے امور پر غورکیا گیا۔ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارتجنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں ہونیوالی کور کمانڈرز کانفرنس تقریباً 7 گھنٹے تک جاری رہی۔کانفرنس میں ملک کی داخلی و خارجی سکیورٹی صورتحال ، مشرقی و مغربی سرحد کی صورتحال اور مسلح افواج کے آپریشنل وپیشہ ورانہ امور سمیت انتہائی اہم موضوعات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکا نے قومی سلامتی،ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال، پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور آج سہ پہر 3 بجے اہم پریس کانفرنس کرینگے جس میں وہ کور کمانڈر کانفرنس کی تفصیلات اور فیصلوں کے حوالے سے آگاہ کرینگے ۔ میجر جنرل آصف غفور ملکی سلامتی کی صورتحال، مسئلہ کشمیر اور دیگر اہم امور پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کوبریفنگ بھی دینگے ۔