لاہور (نامہ نگارخصوصی) سپریم کورٹ نے سروسز ہسپتال میں 7 نو مولود بچوں کی ہلاکت کے ذمہ دار ڈاکٹر کی بحالی کا حکم کالعدم کر تے ہوئے پنجاب حکومت کی اپیل منظور کر لی ہے ۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں فل بنچ نے پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اختر جاوید نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر سعید احمد خان کو جبری ریٹائرڈ کر دیا تھا تاہم پنجاب سروس ٹربیونل نے ایک سال کی انکریمنٹ روک کر نوکری پر بحال کر دیا۔عدالت سے استدعا ہے کہ7بچوں کی ہلاکت کے ذمہ دار ڈاکٹر کی نوکری پر بحالی کا حکم غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے ۔ ادھر سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کی اپیل منظور کرتے ہوئے سب انسپکٹر کی بحالی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اختر جاوید نے دلائل دیئے کہ سب انسپکٹر نے گاڑیوں کا شوروم بنا رکھا تھا جہاں چوری کی گاڑیاں ٹمپر کر کے فروخت کرتا تھا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد سب انسپکٹر کی بحالی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری نے جائیداد کے تنازع پر احمدپورشرقیہ میں سگی چچی مہراں بی بی کے قتل میں ملوث شریک ملزم نادر کی ضمانت خارج کردی، پولیس نے ملزم نادر کو گرفتار کر لیا۔جسٹس ملک منظور احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مقتولہ کے خاوند کی درخواست پر سماعت کی۔