لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کے خلاف 8 گھنٹے طویل آپریشن،ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سر براہی میں جلو گاؤں میں بڑی کارروائی ،معرف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کرنے والی فیکٹری اکھاڑ دی گئی جبکہ 27 ہزار لیٹر جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس تلف کر دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کا کہنا تھا کہ 5فلنگ مشینیں، 2کمپریسر، خالی بوتلوں کے 140 کریٹس ،7 گیس سلنڈرز اور جعلی لیبلز ضبط کر لیے گئے ۔ مصنوئی فلیورز، کیمیکلز اورکھلے رنگوں سے مختلف برانڈز کی جعلی ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں۔ بغیر فارمولے کے اندازے سے تیار کی گئی جعلی بوتلیں کینسر اور السر جیسی بیماریوں کا سبب بنتی ہیں۔ جعلی بوتلوں پر کی جانے والی اصل جیسی دلکش نقل پیکنگ عام عوام کی پہچان میں نہیں آتی۔ شدید مزاحمت کی صورت میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کارروائی مکمل کی گئی۔ جعلی ڈرنکس تیار کرنے والی فیکڑی مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔ زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس تیار کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ دن ہو یارات پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں فرائض کی ادائیگی کے لیے ہر لمحہ تیار رہتی ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام کی جانوں سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا اور جعل سازوں کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑدے گی۔