لاہور،کراچی،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر ،نامہ نگار ) آئی پی پیزسے متعلقہ 300 ارب کی مبینہ کرپشن کیس میں جاری تحقیقات پر نیب لاہور نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے 8 ارب مالیت کی مبینہ کرپشن کے الزام میں سابق ڈی جی نیپرا ملزم سید انصاف احمد کو گرفتار کرلیا۔ نیب ترجمان کے مطابق ملزم سید انصاف احمد نے دانستہ بددیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نشاط چونیاں پاور لمیٹڈ (IPP) سے ٹھیکہ جات میں بجلی نرخ انتہائی مہنگے داموں مقرر کئے جو حکومتی خزانے کو 8 ارب کے نقصان کا موجب بنا۔ نیب لاہور کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق ملزمان کی جانب سے 8 ارب روپے کی رقم صرف نشاط چونیاں پاور لمیٹڈ کو غیرقانو نی طور پر منتقل کی گئی۔ نیب حکام سابق ڈی جی سید انصاف احمد کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے آج احتساب عدالت لاہور پیش کرینگے جبکہ احتساب عدالت میں نندی پور پاور پراجیکٹ میں 22کروڑ روپے فرنس آئل چوری کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے تین ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کر دی، عدالت نے ملزمان کو دوبارہ 24 جون کو پیش کرنے کا حکم دیا ۔نیب کے تفتیشی افسر کی جانب سے تفتیشی رپورٹ پیش کی گئی، ملزمان کو احتساب عدالت پیش کیا گیا ۔ نیب تفتیشی افسر کے مطابق ریفرنس میں رانا مہتاب، دلبر ڈوگر، محمد شبیر، سمیت 34 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے ۔ احتساب عدالت میں شہباز شریف،حمزہ اور سلمان شہباز کی منی لانڈرنگ میں ملوث 2 ملزمان کے کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے دونوں ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی، عدالت نے ملزم قاسم قیوم اور فضل داد کو جوڈ یشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے ملزمان کو دوبارہ 22جون کو پیش کرنے کا حکم دیا ۔ احتساب عدالت نے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کی غیر قانونی سرمایہ کاری کیس کی سماعت مزید کاروائی کے لیے 22 جون تک ملتوی کر دی،عدالت نے آئندہ تاریخ سماعت پر آصف ہاشمی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ۔نیب کے تفتیشی افسر نے تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، آصف ہاشمی کو کیمپ جیل سے احتساب عدالت پیش کیا گیا۔ چیئر مین نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل منظور قادر کاکا اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ ترجمان نیب کے مطابق ملزموں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بڑی تعدا دمیں عوام سے جعل سازی کے ذریعے نہر خیام کلفٹن میں جی سی ون پلاٹ کی الاٹمنٹ کے نام پر ایک ارب روپے سے زائد رقم وصول کی تھی ۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی اکائونٹس کیس میں ڈاکٹر ڈنشائاور جمیل احمد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 25جون تک توسیع کر دی ۔ ڈاکٹر ڈنشائکو بیماری کے باعث عدالت پیش نہ کیا جا سکا جبکہ ملزم جمیل احمد کو عدالت پیش کیا گیا ۔دریں اثنا سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیوایم کے رہنما رؤف صدیقی کیخلاف 13 اگست تک ریفرنس دائرکرنیکا حکم دیدیا اورکہا کہ ریفرنس داخل نہ کیا گیا تو نیب تحقیقات بند کردے ۔عدالت نے ریفرنس دائرنہ کرنے پربرہمی کا اظہارکیا اورریمارکس دیئے کہ دوسال سے تحقیقات ہورہی ہیں،لوگ عدالتوں کے چکرلگارہے ہیں،اگریہی صورتحال رہی تو ڈی جی نیب کو طلب کرلیتے ہیں۔