اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) ملک بھر کے 800کے قریب بیروز گار پی ایچ ڈی ڈاکٹر آج بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج کرینگے ۔ پی ایچ ڈی ڈاکٹرز ایسویسی ایشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر شیر افضل نے روزنامہ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جس ملک میں 783 پی ایچ ڈی ڈاکٹر کئی سالوں سے بیروز گار ہوں، اُس ملک میں بیروز گاری کی صورتحال کیا ہوگی۔انہو ں نے کہا انتخابات سے قبل موجودہ حکومت کے معیاری تعلیم کے دعووں اور وعدوں کے باعث ہمیں یقین ہو چلا تھا کہ اب ہم بیروز گار نہیں رہیں گے لیکن تاحال موجودہ حکومت نے تعلیم کی بہتری اور بیروز گار پی ایچ ڈی کو روزگار فراہم کرنے کیلئے کوئی پالیسی نہیں بنائی۔واضح رہے کہ پی ایچ ڈی ڈاکٹرز ایسویسی ایشن قبل ازیں بھی وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا دے چکے ہیں لیکن مسئلہ بتدریج موجود ہے ۔