لاہور(جنرل رپورٹر،نامہ نگارخصوصی)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے مال روڈ پر دھرنا پر بیٹھیں لیڈی ہیلتھ ورکرز پر برستے ہوئے کہا کہ 8ویں جماعت پاس لیڈی ہیلتھ ورکرزکو کیسے اپ گریڈ کریں، دھرنا دینے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنی سیاست چمکا رہی ہیں۔پنجاب کی سب سے بہتر سہولیات نواز شریف کو آفر کی ہوئی ہیں لیکن نواز شریف پاکستان میں علاج نہیں کرانا چاہتے ۔یہاں تک آفر کی ہے کہ پاکستان کے کسی بھی ہسپتال میں جانا چاہیں ہم آپ کی مدد کریں گے ۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے تھیلیسیمیا اور دیگر موروثی بیماریوں پر کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں لیکچر دیا، بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے مال روڈ پر دھرنا دینے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے تمام مطالبات منظور ہوچکے ہیں، اب دھرنے کا مقصد صرف سیاست چمکانا ہے ۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی بھرتیوں پر پابندی اٹھائی، 13 ہزار نئی لیڈی ہیلتھ ورکرز بھرتی کرنے لگے ہیں، انکی اپ گریڈیشن کیلئے سروس سٹرکچر بنا دیا ہے ۔8 ویں جماعت پاس لیڈی ہیلتھ ورکرزکو کیسے اپ گریڈ کریں، اس کے لیے پاکستان میں کوئی قانون ہی موجود نہیں۔بعدازاں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم خان سے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی ۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ عدالت عالیہ میں ہیلتھ سے متعلق کیسز کے کو جلد نمٹایا جائے ملاقات کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف جس ہسپتال سے چاہیں علاج کروائیں بیرون ملک سے فزیشن منگوانا چاہتے ہیں تو حکومت تعاون کرے گی ۔