اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ 9 اگست کو شجر کاری مہم کے دوران ریکارڈ 10لاکھ درخت لگائے جائیں گے ، ارکان پارلیمنٹ، نوجوانوں اور تمام پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لینا چاہئے ، مسلم لیگ ن کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں کہ موجودہ دور حکومت میں کامیاب جوان پروگرام میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہے جبکہ ماضی میں من پسند افراد کو لیپ ٹاپس اور قرضے دیئے جاتے تھے ، اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے ہر اقدام پر تنقید جبکہ دنیا ااعتراف کر رہی ہے ۔ بدھ کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ٹائیگر فورس کیلئے تیار کردہ موبائل ایپ کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ کے ذریعے نوجوان رضا کار ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ ہو سکیں گے ،رضاکار ایپ کے ذریعے کورونا سے بچائو کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی نشاندہی کر سکیں گے جبکہ گرین سیلفی کے فیچر کے ذریعے پودا لگا کر اپنی تصویر بھی بھیج سکیں گے ۔وزیراعظم عمران خان خود رضا کاروں کے ساتھ مہم میں شریک ہوں گے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ وہ سندھ کی ٹائیگر فورس کی خدمات سے متعلق فیصلہ پر نظرثانی کریں، اگر سندھ حکومت رضاکاروں کی خدمات حاصل کرتی تو کراچی کی بارش کی بعدکی صورتحال میں معاونت کر رہے ہوتے ، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ بھی سرسبز ہو۔