کراچی(کامرس رپورٹر)رواں مالی سال کے پہلے 9نو ماہ کے دوران ملک میں غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری میں 137 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا اور حجم 2 ارب 14 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کے منفی اثرات کے باوجود غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری میں 137 فیصد کا اضافہ ہوا اور حجم 2 ارب 14 کروڑ 80 لاکھ ڈالررہا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم 90 کروڑ 5 لاکھ ڈالر تھا، مارچ میں غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 27 کروڑ 90 لاکھ ڈالررہا، سب سے زیادہ چین نے ستاسی کروڑ بیس لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ، دوسرے نمبرپرسرمایہ کاری ناروے سے آئی، سٹیٹ بینک کے مطابق زیرغورعرصے میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری پاورسیکٹر، دوسرے نمبرپرکمیونیکیشن سیکٹرجبکہ تیسرے نمبر پر آئل اینڈ گیس سیکٹر میں ہوئی ۔