لاہور،اسلام آباد،فیصل آ باد(رپورٹنگ ٹیم،92 نیوزرپورٹ،خصوصی رپورٹر،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،خبرنگار،لیڈی رپورٹر،بیورورپورٹ ،این این آئی)بے باک صحافت کے امین 92نیوز کی5ویں سالگرہ جوش و خروش سے منائی گئی اورملک بھر میں سالگرہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔گزشتہ روز92نیوز کے 5سال مکمل ہونے پر 92نیوز ہیڈ آفس لاہور میں سالگرہ کی مرکزی تقاریب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اورسیکرٹری انفارمیشن راجہ محمد جہانگیرنے شرکت کی۔ 92نیوز میڈیا گروپ کے چیئر مین میاں محمد حنیف ،سی ای او92نیوز میڈیا گروپ میاں محمد رشید ،گروپ ایڈ وائز ر اسلم ترین ،سی او او اسامہ شمس ،گروپ ایڈیٹر ارشاد احمد عارف،92نیوز کے سینئر تجزیہ کار عارف نظامی ،ہارون الرشید ،ایڈیٹر فورم رانا محمد عظیم اوربڑی تعداد میں کارکنوں نے بھی بھر پور شرکت کی۔گورنر چودھری سرور، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار ، سپیکر پرویز الٰہی اور دیگرمہمانوں کا 92نیوز آفس پہنچنے پر چیئر مین 92میڈیا گروپ میاں محمد حنیف اور سی ای او میاں محمد رشید نے استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کئے ۔92نیوز کی پانچویں سالگرہ کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے قاری محمدفاروق نے کیا اور نعتیہ کلام پیش کیا ،بعد زاں وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب نے 92نیوز کی پانچویں سالگرہ کا کیک کاٹا ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے 92نیوز کی پانچویں سالگرہ پر مبارکبار دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم عرصہ میں 92نیوز نے اپنا مقام بنایا جس پر 92نیوز کے چیئر مین میاں محمد حنیف اور میاں محمد رشید سمیت تمام کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ یہ ادارہ مزید ترقی کرے ۔ گورنر سرور نے کہا کہ جس طرح 92نیوز نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اس پر میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 92نیوز کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دعا ہے کہ 92میڈیا گروپ دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے ۔پرویز الٰہی نے کہا کہ92 نیوز نے بہت کم وقت میں اہم مقام حاصل کیا بلکہ عوام کے دلوں میں مقام بنایا۔ سابق سینئر صوبائی وزیر و رکن پنجاب اسمبلی عبد العلیم خان نے کہاکہ دعا ہے کہ یہ چینل دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے ۔ صوبائی وزیر ہا ئر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے کہاکہ92نیوزکا شمار ملک کے اہم ترین چینلز میں ہوتا ہے ۔وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سردار حسنین بہاد ردریشک نے کہا کہ ہم 92نیوزسے رہنمائی لیتے ہیں۔وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہاکہ92نیوز سچ کی آواز ہے ۔پی آئی اے کے ترجمان اطہر اعوان نے کہاکہ92نیوز چینل اور اخبار دونوں ہی معیاری خبریں فراہم کرتے ہیں۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ92نیوز بہت معیاری چینل ہے ۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم نے کہاکہ92نیوز نے ہمیشہ سچ پر مبنی خبریں دی ہیں۔سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے بھی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ کیک کاٹنے کی تقریب کے موقع پر سٹیج پر صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر،ڈی جی ایکسائز سہیل شہزاد،ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب سہیل سکھیرا،سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید،ڈی آئی جی آپریشیز رائے بابر سعید،ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ،ایڈیشنل آئی جی امین وینس،سی ٹی اولیاقت ملک،سابق آئی جیز پنجاب عارف نواز،آئی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ،سابق آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نظیر، امجد سلیمی ،گروپ ایڈیٹر روزنامہ 92نیوز ارشاد احمد عارف،چیف آپریٹنگ آفیسر 92اسامہ شمس،گروپ ایڈوائز اسلم ترین اور دیگربھی موجود تھے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر سرور نے 92میڈیا گروپ و مدینہ فائونڈیشن کی جانب سے بنائے گئے علی فاطمہ ٹرسٹ ہسپتال کی ایمرجنسی اور او پی ڈی کا دورہ کیا ، اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر سرور کی جانب سے میاں محمد حنیف اور میاں محمد رشید کی عوام کیلئے علی فاطمہ ہسپتال بنا کر مستحق شہریوں کو علان معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کرنے کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔ اسلام آبادآفس میں بھی 92نیوزکی پانچویں سالگرہ منائی گئی،وفاقی وزیرمذہی امورنورالحق قادری،وفاقی وزیرسائنس اینڈٹیکنالوجی فوادچودھری اور وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور چیئرمین پیمرا نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے سالگرہ کاکیک بھی کاٹا۔وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 92نیوز نے بہت کم عرصے میں بہت اعلیٰ مقام پیدا کر لیا ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما اعجازاحمدچوہدری نے کہا کہ 92 چینل نے دن دگنی رات چوگنی ترقی کی ہے ۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہ سیاسی تبصرے ہوں یا عوامی مسائل 92 نیوزنے ہمیشہ حقائق کی ترجمانی کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 92نیوز نے قومی ذمہ داریاں بخوبی پوری کی ہیں ۔دریں اثنا ملک کے مختلف شہروں میں بھی92 نیوز کی پانچویں سالگرہ دھوم دھام سے منائی گئی۔فیصل آ باد آ فس میں رنگا رنگ تقریب میں 92 نیوزکی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ، ایڈیٹر انچیف روزنامہ 92 نیوزمحمد حیدر امین ،صو بائی وزیر پراسیکیویشن چو دھری ظہیر الدین ، صو بائی وزیر اجمل چیمہ ،ڈپٹی کمشنر محمد علی ،اراکین اسمبلی میاں طا ہر جمیل ،مہر حامد رشید ، میاں وارث عزیز ،لطیف نذر ، خیال کا سترو و دیگرنے تقریب میں شرکت کی اور 92 نیوز کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی ۔ شیخوپورہ میں تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور 92نیوز کو کامیابیوں اور مثبت صحافت پر مبارکباد دی ۔قصور آفس میں بھی شاندار اورپروقار تقریب میں 92پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا ، صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفیئر ہاشم ڈوگر، ایڈیٹر فورم رانا عظیم اور ننھی زینب کے والد امین انصاری سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ گجرات ، گوجرانوالہ ،حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بھی 92 نیوز کی پانچویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔ساہیوال ،اوکاڑہ،دیپالپور،بصیر پور، پھولنگر،پتوکی میں بھی سالگرہ کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ سجلال پور بھٹیاں ،سانگلہ ہل،عارفوالا،نارووال،علی پور چٹھ،ملکوال سمیت دیگر شہروں میں بھی92 نیوز کی پانچویں سالگرہ کے کیک کاٹے گئے ۔ملتان بیورو آفس میں بھی 92 نیوز کی پانچویں سالگرہ خوب جوش و خروش سے منائی گئی ۔ اولیا کی سرزمین کیساتھ، چولستان کے صحرا، نوابوں کے شہر بہاولپور، کوہ سلیمان کے ڈیرہ غازیخاں، رحیم یار خان، خانیوال، کبیروالا اور دیگر شہروں میں سالگرہ کی خوشیاں خوب جوش و خروش سے منائی گئی ۔ 92 نیوز سرگودھا آفس میں سالگرہ تقریب میں ترجمان وزیر اعلیٰ شہزاد میکن، چیئر مین سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ممتاز کاہلوں، صدر چیمبر آف کامرس ملک مظہر اور ڈائریکٹر جنرل وفاقی محتسب عنایت اﷲ دولہ نے خصوصی شرکت کی اور کیک کاٹا ۔سندھ کے مختلف شہروں میں بھی 92 نیوز کی پانچویں سالگرہ کی تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔کراچی میں سالگرہ کی پروقار تقریب میں حاجی محمد ریاض ،میاں خالد ریاض،میاں ذوالفقار،میاں نوید، وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ ،وزیرتعلیم سعیدغنی،مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب،آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام ،سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیوایم پاکستان عامر خان ،پی ایس پی کے سربراہ سید مصطفی ٰکمال ،چیئرمین انیس قائم خانی،ایم کیوایم بحالی تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار،پی ٹی آئی کے سینئر رہنما خرم شیرزمان،جمال صدیقی،ممتاز کاروباری شخصیات عقیل کریم ڈھیڈھی،محسن شیخانی،حسن بخشی اور دیگر نے کیک کاٹا۔ سکھر بیورو آفس میں سالگرہ کی تقریب میں مختلف نامور شخصیات نے شرکت کی اور مبارکباد دی ۔مٹھی میں بھی 92 نیوز کی پانچویں سالگرہ پروقار انداز میں منائی گئی جس میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی و دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔خیرپور میں بھی 92 نیوزکی 5 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔پشاور بیورو آفس میں پر وقار تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ بیورو کے بیور چیف ممتاز بنگش نے شاہ فرمان، کامران بنگش ، اجمل خان وزیر اور دیگرمہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ 92نیوز کے کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ کوئٹہ میں 92نیوزکی سالگرہ کی پروقار تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور دھنیش کمار اور ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کیک کاٹا اور نیک خواہشات و تمنائوں کا اظہار کیا۔ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں 92 نیوز کی پانچویں سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، مرکزی تقریب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں سنٹرل پریس کلب میں ہوئی ۔