لاہور(بابر علی) قانون میں واسا لاہور کے اکائونٹس کے سالانہ آڈٹ کا میکانزم طے ہونے کے باوجود گزشتہ 9مالی سالوں کا کمرشل آڈٹ تاحال نہ ہو نے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ واسا لاہور کی جانب سے اب زیر التوا سالوں کے ریکارڈ کا آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ کے سیکشن 32 میں کہا گیا ہے کہ ایل ڈی اے اور اس کی ذیلی ایجنسی (واسا لاہور) کے اکائونٹس کا سالانہ آڈٹ اہل آڈیٹر سے کروایا جائے گا اور یہ سرکاری آڈیٹرز کی جانب سے کیے گئے پری آڈٹ سے اضافی ہو گا۔ اس کے برعکس واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا)لاہور کے اکاؤنٹس کا سالانہ آڈٹ سالوں سے زیر التوا ہے ۔ اب تک مالی سال 2009-10تک اکائونٹس کا سالانہ آڈٹ ہو چکا جبکہ مالی سال 2010-11اور 2011-12کا آڈٹ زیر التوا ہے ۔ اس کے بعد مالی سال 2012-13سے لیکر گزشتہ مالی سال 2018-19کا آڈٹ نہیں ہو سکا۔ جس کے بعد واسا لاہور نے ان سات سالوں کا آڈٹ کروانے کے لئے نجی آڈیٹرز کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔واضح رہے کہ واسا کا گزشتہ مالی سال کا بجٹ 9ارب 34کروڑ روپے تھا جبکہ رواں مالی سال کا بجٹ 12ارب 75کروڑ روپے ہے ۔