لاہور(خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں پاکستان سپرلیگ کرکٹ میچوں کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا،پاک آرمی اوررینجرز سیکورٹی کے لئے معاونت فراہم کر رہے ہیں ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر لیبرانصر مجید خان اورصوبائی وزیر کھیل تیموراحمد خان نے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا،کمشنر لاہور،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ،سی سی پی او ور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی انتظامات پربریفنگ دی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ کرکٹ ٹیموں اورشائقین کی سیکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس، ایلیٹ فورس ، ڈولفن فورس، پاک آرمی اوررینجرز کے دستے تعینات کیے گئے ہیں،کوشش ہے کہ پی ایس ایل کے موقع پر ماضی کی نسبت ٹریفک کے مسائل کم ہوں۔