لندن (سپورٹس دیسک ) کراچی کنگز کے انگلش آل راؤنڈر کرس جورڈن کو پی ایس ایل سیزن پانچ سے آخری وقت تک منسلک رہنے پر کوئی پچھتاوا نہیں جن کا کہنا ہے کہ ہر شخص کو اپنے بارے میں فیصلہ کرنے کا پورا اختیار حاصل ہے ۔واضح رہے کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی اکثریت کورونا وائرس کے باعث اپنے گھروں کو واپس لوٹ گئی تھی مگر کرس جورڈن بدستور ایونٹ سے منسلک رہے جن کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں خود کو محفوظ سمجھ رہے تھے کیوں کہ اس وقت رپورٹ ہونے والے واقعات کی تعداد کسی خطرے کی علامت نہیں تھی اور انہیں پی ایس ایل انتظامیہ حالات سے باخبر رکھ رہی تھی۔میڈیا سے گفتگو میں کرس جورڈن کا کہنا تھا کہ اپنے اہل خانہ اور بچوں کے حوالے سے ہر شخص کو فیصلے کا پورا اختیار بھی حاصل ہوتا ہے۔ اور یہ ایسا معاملہ ہرگز نہیں تھا کہ ایک جائے تو سب چلے جائیں اور ایک رکے تو سب کو رکنا پڑے ۔