لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی مایوس کن تقریب کے پیچھے بھارتی ایونٹ پلانر کے ہونے پر مداح آگ بگولا ہو گئے ۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے انتظام کو بھارتی ایونٹ پلانر و ڈائریکٹر شبھرا بھردواج کے سپرد کیا گیا تھا اس حوالے سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف کی جانب سے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں 21 کروڑ روپے کے اخراجات کا دعویٰ کیا گیا اور ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب بھارتی ڈائریکٹر شبھرا بھردواج کو سونپی تھی، ہم بھارت کے خلاف نہیں ہیں لیکن اس وقت ہمیں پاکستانی ڈائریکٹر کا انتخاب کرنا چاہیے تھا جو اس تقریب کا انتظام زیادہ اچھے طریقے سے کرتا۔انہوں نے لکھا کہ افتتاحی تقریب مکمل طور پر وقت کی بربادی اور پیسوں کا ضیاع تھا۔سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے کہ پاکستان کے لیے اس اہم ترین موقع پر بھارتی ایونٹ پلانر کا انتخاب کرنا سمجھ سے بالاتر تھا۔ دوسری جانب اس ٹوئٹ پر پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ ہمارے پاس اس سے زیادہ بہترین لوگ تھے جیسے کے فریحہ الطاف، تو پھر وہ ہی کیوں اور کیسے ؟۔مداحوں کو ہر سال پی ایس ایل کا بے چینی سے انتظار ہوتا ہے اور ایسے میں اس سال کی افتتاحی تقریب نے شائقین کرکٹ کو بے حد مایوس کیا۔افتتاحی تقریب کے میزبان احمد گوڈیل کو صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور برا بھلا کہا گیا جس پر انہوں نے بھی اپنی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تو اچانک تقریب کی میزبانی کا بتایا گیا تھا۔