2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

اسرائیل نے لبنان پر زمینی حملہ کر دیا،87 شہید، لبنانی فوج نے مورچے چھوڑ د یئے ؛جنگ طویل ہوگی:حزب اللہ

01-10-2024

بیروت ، تہران،تل ابیب(نیٹ نیوز، ایجنسیاں) اسرائیل نے لبنان پر زمینی حملہ کر دیا، جنوبی لبنان پر توپ خانے سے شدید گولہ باری کی جا رہی ہے ، لبنانی فوج نے اپنے مورچے اور چوکیاں چھوڑ دی ہیں اور اہلکار سرحد سے پانچ کلومیٹر پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق لبنان پر زمینی حملہ شروع کر دیا گیا ہے اور کابینہ سے ہنگامی منظوری کے بعد تمام دستے لبنان کے اندر مطلوبہ مقام تک پیش قدمی شروع کر دیں گے ۔اسرائیلی فوجی حکام کے مطابق ابتدائی طور پر محدود پیمانے پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جائیں گی، سرحد کے قریب بستیوں کو فوجی چھاؤنیاں قرار دے دیا گیا ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بتایا کہ اسرائیل نے اس کارروائی سے ہمیں مطلع کر دیا ہے ۔ دریں اثنا اسرائیلی طیاروں نے بھی لبنان میں صیدا، عین الدلب اور دارالحکومت بیروت پر شدید بمباری کی جس سے 87افراد شہید اور 176زخمی ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلانت نے لبنانی سرحد پر تعینات فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم زمین، فضااور سمندر میں موجود تمام قوت کو استعمال کریں گے ۔اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے کہاکہ متعدد شرائط پوری ہونے تک جنگ نہیں روکیں گے ، جرمنی، برطانیہ، اٹلی سمیت 25ملکوں کے وزرائے خارجہ کو پیغام میں کاٹز نے کہا کہ جنگ بندی اس صورت میں ہو گی جب حزب اللہ کو اسرائیلی سرحد سے دور بھیج دیا جائے ۔دریں اثنا حزب اللہ کے عبوری سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ہم اسرائیل کے حملے کیلئے تیار ہیں،اسرائیل اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا،یہ جنگ طویل ہوگی اور ہم جیتیں گے ۔ذرائع کے مطابق حسن نصراللہ کی نماز جنازہ غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔امریکی رکن کانگریس راشدہ طلیب نے لبنان پر بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطین اور لبنان میں نسل کشی کر رہا ہے ،اس کا حساب امریکہ کو دینا پڑے گا۔دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے لبنان میں رضاکار فوج بھیجنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنگ سے خوفزدہ نہیں لیکن اس کا آغاز نہیں کرناچاہتے ۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکی و یورپی سربراہان نے جھوٹا وعدہ کیا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا انتقام نہ لیے جانے کی صورت میں جنگ بندی کی جائے گی۔علاوہ ازیں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ویڈیو پیغام میں ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل آپ کے ساتھ کھڑا ہے ، حکومت کو اپنی امیدیں اور خواب کچلنے نہ دیں۔ادھر غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے ، گذشتہ روز فضائی حملوں میں خاتون صحافی سمیت 21فلسطینی شہید ہو گئے ۔