اسرائیل کو جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے : پاکستان
ریاض(نیوز ایجنسیاں)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ کے امن کوتباہ کررہا ہے ۔ریاض میں جاری اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس میں عرب لیگ، او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی ہے ، جبکہ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کررہے ہیں۔اسحاق ڈار نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتاہے ، فلسطینی عوام کے خلاف مظالم کوفوری روکا جائے ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کو رکوائے ، عرب لیگ، اوآئی سی کا فلسطینی عوام سے اظہاریکجہتی غیر متزلزل ہے ۔ انہوں نے کہا اسرائیل کو جنگی جرائم پر جواب دہ ٹھہرایا جائے ، پوری امت او آئی سی کی طرف دیکھ رہی ہے کہ وہ کیا اقدامات کرتی ہے ۔نائب وزیراعظم نے کہا قابض صیہونی فورسز کے جارحانہ اقدامات کا دائرہ لبنان، ایران اور شام تک پھیل چکا ہے ۔ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو ترجیح کے طور پرتقویت دے گی، صرف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کافی نہیں،فلسطینی عوام کے حقوق کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کے لئے انصاف کا مطالبہ کرنے کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے فوری طور پر کام کرنا ہوگا، اسرائیل کو یو این آر ڈبلیو اے کو بدنام کرنے سے روکنے پر مجبور کرنے کی ضرورت ہے ۔اسحاق ڈار نے ایکس پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ اپنے بھائی ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا ملاقات کے دوران ہم نے پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ باہمی تعلقات اور غزہ میں جاری نسل کشی پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نماز اور نوافل ادا کئے ۔نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے امت مسلمہ کے لئے امن، اتحاد اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔