2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

اسرائیل کی غزہ،لبنان پر بمباری،38افراد شہید، حماس اور فتح کے قاہرہ میں مذاکرات

04-11-2024

غزہ، بیروت(نیٹ نیوز، ایجنسیاں)اسرائیل نے غزہ میں مختلف مقامات پر بمباری کی جس سے مزید 27فلسطینی شہید اور 86زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان پر بھی فضائی حملے کیے جن میں 11افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔دریں اثنا حزب اللہ نے تل ابیب کے قریب اسرائیلی انٹیلی جنس مرکز پر راکٹ حملے کیے ہیں جن میں 11افراد زخمی ہوئے ،حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ راکٹ حملے میں فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج نے لبنان کے ساحلی شہر بترون میں خصوصی آپریشن کے دوران حزب اللہ کے ایک اہم رکن کو گرفتار کر کے واپس اپنے ملک میں لانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص عماد امحاز ہیں جو لبنانی بحریہ کے سویلین نیول آفیسر ہیں۔لبنانی وزیر اعظم نجیب میقاتی نے کارروائی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو سلامتی کونسل میں شکایت کرنے کی ہدایت کی ہے ۔مصری میڈیا کے مطابق حماس اور فتح نے قاہرہ میں مذاکرات کیے ہیں جس میں جنگ کے بعد غزہ کے انتظام کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے ، فریقین نے بات چیت میں زیادہ لچک اور پرامید رویے کا مظاہرہ کیا۔علاوہ ازیں دنیا کے 53ممالک اور 2 بین الاقوامی تنظیموں نے سلامتی کونسل کو خط لکھ کر اسرائیل کو اسلحے اور گولہ و بارود کی فراہمی روکنے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔ترک وزیر خارجہ ہکان فدان نے جبوتی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر موقع پر اس بات کا اعادہ کرنا چاہیے کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت نسل کشی میں ملوث ہونے کے مترادف ہے ۔مزید برآں الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس حکام نے کہا ہے کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال 101 اسرائیلی شہریوں میں سے 51 تاحال زندہ ہیں۔