2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

اسٹیبلشمنٹ کی مرضی پوری ہوتی رہی توحکومت چلے گی:پی ٹی آئی

02-10-2024

اسلام آباد،پشاور(سپیشل رپورٹر ،صباح نیوز) ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے موجودہ سیاسی حالات میں حکومت کب تک چلے گی کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا،اگر اسٹیبلشمنٹ کی مرضی پوری ہوتی رہی تو حکومت چلے گی، بانی پی ٹی آئی کا ڈی چوک میں احتجاج کا پیغام وزیراعلی علی امین گنڈا پورتک پہنچا دیا،پارٹی اکتوبر کا پورا مہینہ احتجاج کرے گی ،ملتان کا احتجاج جنوبی پنجاب کی مقامی قیادت کی سفارش پرکرکٹ میچ کے باعث ملتوی کرنا پڑا۔اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہناتھا ڈی چوک احتجاج کا حتمی پلان علی امین گنڈا پوراوربانی پی ٹی آئی کی ملاقات میں طے ہوگا، بانی پی ٹی آئی اور اعظم سواتی کی ملاقات میں بیرسٹر گوہر کو ہٹانے کی کوئی بات نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے ایم این ایزکواحتجاج میں جانے سے روکا، ہم نہیں چاہتے تھے وہ لیاقت باغ سے گرفتار ہوں ، ہمارے سارے ایم این ایز محفوظ اور سب سے رابطے بھی ہیں،ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری اداروں کا اندرونی معاملہ ہے ،آئین وقانون کے مطابق جوبھی تقرری ہوتی ہے ہمیں اس میں نہیں پڑنا چاہئے ،بلوچستان سمیت ملک کی سیکیورٹی صورتحال پراجلاس کی دعوت ملی توشرکت پرغورکریں گے ۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے الزام عائد کیا ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر جیل میں قید بشریٰ بی بی کو تنگ کیا جارہا ہے ،باپردہ خاتون کی کیمروں کے سامنے تلاشی لے کر تضحیک کی جارہی ہے ، رات کو نیند سے جگا کر سیل کی تلاشی کے بہانے ذہنی ٹارچر کر کے ان کے بالوں کی تلاشی بھی لی جاتی ہے ،عمران خان کو ان کی اہلیہ کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، بشریٰ بی بی عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی اور ان کی طاقت بنی ہوئی ہیں،مریم نواز اتنا ہی ظلم کریں کل جتنا برداشت بھی کرسکیں۔