الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی ،پی ٹی آئی کوووٹ پڑے : جواد احمد
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین برابری پارٹی جواد احمد نے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی اور پی ٹی آئی کوووٹ پڑے ہیں،دھاندلی تو 2013ء کے انتخابات میں ہوئی تھی۔ نواز شریف نے پانامہ میں کچھ نہ کچھ کیا ہے ، انہیں اسی لئے جیل میں بند کیا گیا ۔چینل92نیوز کے پروگرام نیوزروم میں میزبان ثنامرزا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں میں موروثی سیاست ہے ، کیا بلاول بھٹو نے کچھ کیا ہے ؟۔میرا خیال ہے کہ پی ٹی آئی نے لوگوں سے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریگی۔پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹربہرہ مندتنگی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی وفاق میں حکومت بنارہی ہے تو اس کو یہ حق نہیں کہ وہ پنجاب میں ایک چورکو بطوروزیر اعلیٰ پیش کرے ۔ بلاول بھٹو نے تمام سیاسی جماعتوں کو حلف اٹھانے پر قائل کیا۔ عمران خان کو کسی نے تبدیلی کیلئے ووٹ نہیں دیا ، اس کیلئے جہاز میں بندے بھر بھر کے لائے گئے ۔ پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ سارے تجزیہ کار کہتے رہے کہ الیکشن نہیں ہونگے تو ہوگئے اس کے بعد اب اپوزیشن کہتی ہے کہ درست نہیں ہوئے یہ تو کہتے رہیں گے ۔ اب یہ چورمچائے شوروالی بات ہے جو ختم ہوجانی چاہئے ۔ اچکزئی کو ایم ایم اے نے ہرایا لیکن اسکے با وجود وہ شورمچار ہے ہیں۔دفاعی تجزیہ کار شاہد لطیف نے کہا کہ کیا پی ٹی آئی کا جیتنا ایک تبدیلی کی نشانی نہیں ، لوگوں نے ایک امید کوووٹ دیئے ہیں۔ دھاندلی کے الزامات میں کوئی جان نہیں ، الیکشن کمیشن عمران خان نے تو نہیں بنایا تھا، جنہوں نے بنایا ہے ان سے پوچھا جائے ۔