اوروں کو نصیحت، خود میاں فضیحت : بیوروکریٹس کے دلچسپ تبصرے
لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) خواجہ آصف کی ناہلی کی خبر سرکاری اداروں میں دفتری امور کی سر انجام دہی میں تعطل کا سبب بن گئی ۔ بیوروکریٹس کی جانب سے عدالتی فیصلے کو سراہنے کے ساتھ ساتھ دلچسپ تبصرے بھی سامنے آئے ۔ خواجہ آصف کی نا اہلی کی خبر سامنے آنے کے بعدسول سیکرٹریٹ سمیت لاہور میں قائم دیگر صوبائی و وفاقی دفاتر میں خوشی و غم کی کیفیت دکھائی دی ۔ جبکہ متعدد بیوروکریٹس نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے بھی کئے ۔ ایک بیوروکریٹ نے قرار دیا کہ عدالت کے فیصلے سے خواجہ آصف قومی اسمبلی اور سینٹ کیلئے خارجی ہو گئے ۔ حکمران جماعت کے سربراہ اور انکے رفقاء کار اﷲ تعالی کی پکڑ میں ہیں۔ ایک اعلی افسر نے کہا کہ دوسروں کو ایوان میں حیا اورشرمندگی کا احساس دلانے والے خواجہ آصف آج خود شرمندہ ہوں گے ۔قومی اسمبلی اور سینٹ کے اراکین ایک دلچسپ لہجے کے حامل سیاستدان کے خطاب سے مستفید نہیں ہو سکیں گے ۔ایک اور اعلی افسر نے کہا کہ وزارت گئی ہے تو کیا ہوا اقامہ تو موجود ہے ۔ زر کی ہوس انہیں رسوا کر گئی ہے ۔ ایک اور بیوروکریٹ نے کہا کہ ’’اوروں کو نصیحت، خود میاں فصیحت ‘‘۔ ایک اور اعلی افسر کا کہنا تھا کہ’’مک گیا تیرا شو‘‘۔سبھی اعلی انتظامی افسروں نے جہاں عدالت کے فیصلے پر اعتماد کا اظہار کیا وہیں یہ سوال بھی کیا کہ اقامہ کی بنیاد پر اگلی باری احسن اقبال کی تو نہیں ہے ؟ تاہم دوسری جانب سرکاری دفاتر میں نان گزٹیڈ سرکاری ملازمین باضابطہ طور پر تقسیم دکھائی دئیے ، پی ٹی آئی کے حامی جنونی خوش دکھائی دئیے تو حکمران جماعت کے حامی ملازمین دکھ اور غم کی تصویر بن گئے ۔