آرمی چیف کا نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر پبی کا دورہ، پاک چین’’ واریئر8 ‘‘ مشق کا جائزہ لیا
راولپنڈی(سپیشل رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے جمعہ کو نیشنل کائونٹر ٹیررازم سنٹر پببی کا دورہ کیا اورپاک چین’’ واریئر8 ‘‘ مشق کا جائزہ لیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان آرمی اور چینی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان پاک چین مشترکہ مشق’’وارئیر-VIII‘‘ کے شرکاء سے ملاقات کی۔ چیف آف آرمی سٹاف کو مشق کے دائرہ کار اور اس کی کارروائی پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف نے مشق کے شرکاء سے ملاقات بھی کی اور اس دوران مشترکہ مشق میں دکھائی جانے والی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک چین مشترکہ مشق’’وارئیر- VIII‘‘انیس نومبر کو شروع ہوئی تھی۔ تین ہفتوں پر مشتمل انسداد دہشتگردی کے شعبے میں ہونیوالی مشق ہے جو کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی سالانہ دوطرفہ مشقوں میں آٹھویں ہے ۔ قبل ازیں نیشنل کائونٹر ٹیررازم سنٹر پببی پہنچنے پر چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال کور کمانڈر راولپنڈی نے کیا۔