ایکس کی بندش کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر
لاہور ( نامہ نگار خصوصی) ایکس کی بندش کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تدارک کیس میں بچوں کی سکول بسوں سے متعلق پالیسی نہ بنانے والے سکولوں کی رجسٹریشن کی تجدید نہ کرنے کا حکم دیدیا ،عدالت نے انڈر پاسز کی انکوائری رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کرلی ،جسٹس شاہد کریم نے 2صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں کہا عدالتی احکامات کے باوجود تاحال بسوں سے متعلق پالیسی پر عمل نہیں کیا جارہا ہے ،ایل ڈی اے کینال روڈ پر انڈرپاسز کی تزئین و آرائش سے متعلق تحقیقات کرے ، ایل ڈی اے انکوائری کے لئے آفیسر کو ذمہ داری دے ،ناقض کوالٹی کا میٹریل استعمال ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے ، قصور میں ٹینریزایسوسی ایشن کے درمیان ایم او یو کی پاسداری نہیں ہورہی ، ڈپٹی کمشنر قصور ایم او یو پر عملدرآمد نہیں کراسکا ، محکمہ ماحولیات کارروائیاں کرے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈاینیمل سائنسز لاہورکے پرووائس چانسلرکے بطور قائم مقام وائس چانسلر اختیارات سے متعلق قانونی نکتے کی تشریح کر دی۔عدالت نے سیکرٹری لائیو سٹاک کے بیان کی روشنی میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کا بھی حکم دے دیا۔عدالت نے ڈاکٹر عظمی فرید درانی کی پرو وائس چانسلر کے طویل مدتی فیصلوں سے روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔جسٹس عابد حسین چٹھہ نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس کے مطابق یونیورسٹی آرڈیننس میں واضح لکھا کہ وائس چانسلر کی آسامی خالی ہونے پر پرو وائس چانسلر اختیارات کلی طور پر استعمال کر سکتا ہے ، یونیورسٹی کی بہتری کیلئے آرڈیننس کی دفعہ 15 میں وضع وائس چانسلر کے اختیارات کا اصول ایگزیکٹو اور اکیڈمک افسران بھی لاگو ہوتا ہے ، یونیورسٹی کا آرڈیننس وائس چانسلر کی عدم دستیابی کی صورت میں پرو وائس چانسلر کو کسی قدغن کے بغیر اختیارات استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے ۔