2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کم سے کم متاثر ہوں:وزیر اعظم محمودخان اورعلیم خان کی ملاقاتیں

22-05-2022

اسلام آباد،لاہور (سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ مشکل حالات کے باوجود ہر ممکنہ کوشش کی جائے کہ ترقیاتی اخراجات کم سے کم متاثر ہوں، آئندہ بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کے حوالے سے آؤٹ آف باکس سلوشن پر توجہ دی جائے ۔صوبہ خیبرپختونخوا کے ترقیاتی امور،آئندہ بجٹ کے حوالے سے اصلاحات، کورونا وائرس کے تناظر میں صوبائی معاشی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا غیر ضروری اخراجات میں کمی کے لئے ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے اورکورونا کے پیش نظر صوبے کی معاشی صورتحال سے عوام کو مکمل طور پر باخبر رکھا جائے ۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ پر بھرپور توجہ دی جائے اور حل طلب معاملات خصوصاً توانائی کے ضمن میں صوبے کی استعداد کو برؤے کار لانے کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل کو وزارتِ توانائی کی مشاورت سے مرتب کیا جائے ، انضمام شدہ علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔اجلاس میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام میں پیشرفت، سوات موٹروے فیز ٹو اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیرِ اعظم سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیر اعظم سے وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے بھی ملاقات کی۔وزیر اعظم نے عید الفطر کے بعد پنجاب کے محکمہ خوراک میں نئی پالیسیاں لانے کے حوالے سے اجلاس بلانے کا عندیہ دیا جس کی وہ خود صدارت کریں گے ۔عبدالعلیم خان نے وزیر اعظم کو گندم کی خریداری کے موجودہ نظام اور اس میں مجوزہ تبدیلیوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا آٹے ،چینی یا کسی بھی پراڈکٹ پر سبسڈ ی کا طریقہ کار تبدیل ہوناچاہیے اور سبسڈی کا فائدہ ملز یا اداروں کی بجائے بلاواسطہ عوام کو ہونا چاہیے ۔انہوں نے وزیر اعظم کو پنجاب میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کی گئی کارروائیوں کے بارے میں بتایا۔وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب میں گندم کی ریکارڈ خریداری پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا اور عبدالعلیم خان کی کارکردگی کو سراہا۔