برطانوی وزیر اعظم تنازع کشمیر حل کرانے کیلئے کردار کا وعدہ پوراکریں:کوارڈی نیشن کمیٹی
لندن(این این آئی) برطانیہ میں آل پارٹیزانٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی نے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کا اپناوعدہ پوراکریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک کشمیر برطانیہ کے رہنما اور آل پارٹیزانٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین فہیم کیانی کی قیادت میں ایک وفد نے ٹین ڈائوننگ سٹریٹ میں ایک پٹیشن جمع کرائی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانیہ تنازعہ جموں وکشمیر کو حل کرانے کے لئے فیصلہ کن اقدامات کرے ۔ وفد میں معروف برطانوی ارکان پارلیمنٹ اینڈریو پیکس، گیرتھ سنیل، نادیہ وائٹوم اور ڈیوڈ ولیمز شامل تھے ۔ دیگر قابل ذکر شرکاء میں سٹوک آن ٹرینٹ کونسل کے ڈپٹی لیڈر محمد امجد وزیر،کونسلر زینب راجہ، کونسلرماجد حسین اورریڈنگ میں پاکستان کمیونٹی سینٹر کے صدر محمد سلیم شامل تھے ۔