2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

برطانیہ کے 60 ارکان پارلیمنٹ کا اسرائیل پر پابندیاں لگانے کیلئے حکومت کو خط: غزہ میں مزید41فلسطینی شہید

30-11-2024

غزہ، بیروت، تل ابیب(نیٹ نیوز، ایجنسیاں) اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں رہائشی علاقوں اور کھلے آسمان تلے موجود بے گھر فلسطینیوں پر فضائی حملے کیے جن میں خواتین اور بچوں سمیت 41فلسطینی شہید اور 148زخمی ہو گئے ۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے بھی شمالی اور جنوبی غزہ پر گولہ باری کی، فضائی حملوں میں غزہ شہر اور نصیرات پناہ گزین کیمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں محصور 20 لاکھ افراد کے پاس کھانے پینے کی اشیا ختم ہورہی ہیں اور پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں،قحط کے باعث مزید اموات کا خطرہ ہے ۔دریں اثنابرطانیہ کے 60ارکان پارلیمنٹ نے عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں کرنے پر اسرائیل پر پابندیاں لگانے کیلئے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کو خط لکھ دیا، ان ارکان میں لیبر پارٹی کے سابق سربراہ جیرمی کوربن بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی عدالت انصاف کی جولائی میں دی گئی آبزرویشن کو بھی خط کا حصہ بنایا گیا ہے جس میں عدالت نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں پرقبضے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے جلد سے جلد اس کا خاتمہ کرنے کا کہا تھا۔خط میں مزید لکھا ہے کہ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ برطانیہ سمیت تمام ممالک اس بات کے پابند ہیں کہ وہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی موجودگی کو قانونی تسلیم نہ کریں اور اسے برقرار رکھنے میں کوئی امداد یا تعاون نہ کریں۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں فائر بندی پر آمادہ ہو سکتے ہیں لیکن جنگ کے خاتمے پر نہیں،ہم ابھی جنگ ختم کرنے کیلئے تیار نہیں کیونکہ حماس کا خاتمہ کرنا ضروری ہے ۔ اگر حزب اللہ نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تو سخت کارروائی شروع کر دیں گے ۔علاوہ ازیں لبنان میں جنگ بندی کے نفاذ کو تین روز ہوئے ہیں اور اسرائیل نے دوسری بار معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان پر بمباری کی ہے جبکہ گھروں کو واپس لوٹنے والے شہریوں کی گاڑیوں پر فائرنگ بھی کی ہے جس سے 4افراد زخمی ہو گئے ۔