برکس نہ تو کبھی فوجی اتحاد تھا، نہ ہے اور نہ ہی کبھی بنے گا:روس
ماسکو(این این آئی)روس کی وزارت خارجہ نے واضح کردیا ہے کہ برکس تنظیم نہ تو کبھی فوجی اتحاد تھا، نہ اب ہے اور نہ ہی کبھی فوجی اتحاد بنے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے کہاکہ برکس اتحاد کے اہم ترین مقاصد میں سے ایک شفاف اور کثیرالجہتی عالمی اقتصادی نظام بنانا ہے ۔روسی وزارت خارجہ کے مطابق برکس انٹرنیشنل تنظیم بھی نہیں ہے اور نہ ہی یہ انضمام کرنے والا اسٹرکچر ہے ۔روسی حکام کے مطابق برکس بین الریاستی تنظیم ہے جس کے تمام شرکا مساوی حیثیت رکھتے ہیں اور اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں، اس کی بنیاد جن ستونوں پر ہے وہ سیاست، سکیورٹی، معیشت، فنانس، کلچر اور ہیومینیٹرین تعلقات ہیں۔روسی وزارت خارجہ کے مطابق برکس کا نیٹو سے موازنہ کیا جانا درست نہیں۔سن 2006 میں قائم ہونے والی برکس برازیل، روس، انڈیا، چین اور ساتھ افریقا پر مشتمل ہے ، مصر، ایتھیوپیا ایران، امارات اور سعودی عرب بھی اس کے رکن ہیں۔