بلاول بھٹو کا امداد کے متعلق بیان اور امریکی انتباہ
امریکہ نے بلاول بھٹو کے سیلاب متاثرین کیلئے 400ملین امریکی ڈالر امداد کے غلط استعمال کے بیان کے بعد رقم روکنے کی دھمکی دی ہے۔ واضح رہے کہ 2022ء میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے عالمی برادری سے اقوام متحدہ کی اپیل کے بعد دنیا بھر کے ممالک نے 9ارب کی امداد کا اعلان کا تھا جن میں 3.81ارب برطانیہ، امارات نے 3ارب اور ڈبلیو ایچ او کے 2.20ارب روپے فراہم کرنے کے علاوہ دنیا بھر سے سیلاب متاثرین کیلئے امداد آئی۔ اسے انتظامی نااہلی کہا جائے یا بدعنوانی کا شاخسانہ کہ جب دنیا بھر سے امداد آ رہی تھی اس وقت بھی سیلاب متاثرین کیلئے آنیوالے کمبل اور اشیائے ضروریہ کراچی، پشاور سمیت ملک بھر کے بڑے شہروں کے بازاروں میں فروخت ہوتے رہے ۔یہاں تک کہ سندھ میں تو پورے پورے ضلع کی امداد غائب ہونے کے انکشافات ہوئے۔ اس سے مفر نہیں کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کیلئے لاکھوں گھر تعمیر کر رہی ہے شاید اسی لئے بلاول بھٹو نے اپنی ہی اتحادی وفاقی حکومت سے بلوچستان کیلئے 400ملین ڈالر سیلاب متاثرین کو مہیا نہ کرنے کا الزام لگایا ۔ بلاول بھٹو کے بیان کے بعد پاکستان کی جگ ہنسائی کیساتھ عالمی سطح پر حکومت پاکستان پر اعتماد بھی متاثر ہوا ہے۔ بہتر ہو گا حکومت اس حوالے سے شفاف تحقیقات کے بعد بے ضابطگی کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائے تاکہ مستقبل میں کسی ناگہانی آفت میں عالمی برادری حکومت پاکستان پر اعتماد کر سکے۔