2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

بلوچستان: دکی میں کوئلے کی کانوں پر دہشت گردوں کا حملہ، 21مزدور جاں بحق، 7 زخمی

12-10-2024

اسلام آباد، کوئٹہ (سپیشل رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،نیوزایجنسیاں)بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلے کی کانوں پر مسلح افراد کے حملے میں 21مزدور جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے دکی کے ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی خیر اللہ کی کوئلہ کانوں پر راکٹوں اور دستی بموں سے حملہ کیا اور وہاں موجود کانکنوں پر فائرنگ کردی جس سے 20کان کن جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے ۔جاں بحق ہونے والے کانکنوں کاتعلق پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، مسلم باغ، موسی خیل، کچلاک اور افغانستان سے ہے ۔پولیس کے مطابق شرپسندوں نے سائٹ پر موجود مشینری کو بھی آگ لگا دی۔ڈپٹی کمشنر دکی کلیم اللہ کاکڑ اور اسسٹنٹ کمشنر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، جہاں ایف سی کمانڈنٹ اور دکی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھی موجود تھے ۔حملے کیخلاف آل پارٹیز ،انجمن تاجران ،اور لیبر فیڈریشن کی اپیل پر شہر بھر میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی گئی ۔مظاہرین نے جاں بحق مزدوروں کی لاشیں رکھ کر احتجاجی دھرنا بھی دیا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دکی میں بیگناہ مزدوروں کے المناک قتل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس گھناؤنے فعل کی مذمت کی اور سوگوار خاندانوں سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملوث عناصر کی گرفتاری اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے فوری اور سخت کارروائی کی جائیگی۔ وزیراعظم نے غمزدہ خاندانوں کے نام پیغام میں کہا کہ ہم آپ کے دکھ درد میں شریک ہیں اور اس مشکل وقت میں آپ کیساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے شہید محنت کشوں کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کیلئے صبر و ہمت کی دعا کی۔وزیراعظم نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی ،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی،وفاقی وزیر سرمایہ کاری، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان،گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل ، وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی،و زیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری و دیگر نے دکی میں کانکنوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ اپنے بیانات میں انہوں نے اس واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ان کا کہنا تھا حکومت جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابرکی شریک ہے ،تمامتر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کیساتھ ہیں ،المناک واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ،بیگناہ مزدوروں کو قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔