تاجروں ، سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرینگے :پاکستان میں اب تک جو غلطیاں ہوئیں، انہیں ٹھیک کرناچاہتے ہیں: وزیراعظم
اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے موجودہ جمہوری حکومت ایک منظم اور بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے جس کا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے ۔ فیصل آباداور گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا فیصل آباد صنعتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے ۔ ماضی میں شہر کی ترقی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے پر کوئی خصوصی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے ممبران کو یقین دلایا کہ ان کے حلقوں کے مسائل مقامی قیادت کی مشاورت سے حل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے گی۔وزیر اعظم نے ممبران اسمبلی کو عوامی فلاح وبہبود اور سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات کیں اور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے فیصل آباد ڈویژن سے متعلقہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی 7 رکنی کمیٹی کو ٹاسک سونپ دیا جس کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات کرنیوالے ممبران اسمبلی میں چودھری عاصم نذیر، نواب شیر، رضا نصراﷲ گھمن، خرم شہزاد، فرخ حبیب، فیض اﷲ، راجہ ریاض احمد، ریاض فتیانہ، صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، محمد امیر سلطان، غلام بی بی بھروانہ ،سیدفیض الحسن ، حاجی امتیاز احمد ، شوکت علی بھٹی ،محترمہ تاشفین صفدر اور وجہیہ اکرم شامل تھے ۔ علاوہ ازیں ایف پی سی سی آئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا معیشت کے استحکام سے ملک ترقی کرتا ہے ،تاجروں کو سہولیات دینے کے لیے کام کررہے ہیں،پاکستان کی برآمدات 24 ارب ڈالرز کے قریب ہیں،ماضی میں تجارت اوربرآمدات کے حوالے سے سوچانہیں گیا،ملک میں سرمایہ کاری اورتجارت سے خوشحالی آئیگی، پاکستان میں تجارت کے لیے مشکل ماحول رہا ہے ، غلطیوں کی وجہ سے پاکستان کا یہ حال ہے ،حکومت چھوٹے تاجروں کوسپورٹ کرے گی ،تاجروں کیلئے آسانیاں پیداکرنے کے لیے کام کررہے ہیں وزیر اعظم نے کہامیری ملک میں کوئی انڈسٹری نہیں،حضرت ابوبکرصدیق خلیفہ بنے تو انہوں نے کپڑے کی دکان بند کردی تھی،ہمیں تجارتی خسارہ ورثے میں ملا،ہمیں اپنے ذہنوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ،کامیابی کارازہی یہ ہے کہ اپنی غلطیوں سے سیکھاجائے ،کاروباری طبقے اور برآمدکنندگان کی ہر ممکن مدد کریں گے ،پاکستان میں اب تک جو غلطیاں ہوئیں اسے ٹھیک کرناچاہتے ہیں،چھوٹی اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کوبہتر بنانا ہے ۔ دریں اثنا وزیراعظم سے ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے ملاقات کی اور وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر ترک قیادت اور اپنی جانب سے مبارکباد دی اور ترک صدر کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے پاکستان کو ترکی کی ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ترک وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ترکی کے دورے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاک ترک تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ترک صدر اور قیادت کو پاکستان کے دوروں کی دعوت دی۔