2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

تحریک انصاف ڈونلڈ ٹرمپ سے زیادہ اْمیدیں نہ لگائے!

علی احمد ڈھلوں
07-11-2024

امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے۔ وہ امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہوئے ہیں اور دوسری مرتبہ عہدہ صدارت پر فائز ہو رہے ہیں۔ امریکی صدارتی انتخاب میں 538 میں سے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 277 اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔ کسی بھی امیدوار کو جیت کے لیے کل 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔7 سوئنگ ریاستوں کے 93 الیکٹورل ووٹس نے ٹرمپ کی جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔سوئنگ ریاستوں میں ایری زونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، نارتھ کیرولائنا، پینسلوینیا اور وسکونسن شامل ہیں۔امریکا کی 50 ریاستوں اور ڈی سی میں 538 الیکٹورل کالجز ہیں۔کیلیفورنیا 54 الیکٹورل کالجز کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔ امریکی انتخابی نظام یا الیکٹورل سسٹم مجموعی ووٹوں کی تعداد کی بجائے الیکٹورل کالج سسٹم پر منحصر ہے جس میں کل 538 ووٹ ہیں جنھیں تمام ریاستوں میں ان کی آبادی کے تناسب سے بانٹا گیا ہے۔یعنی امریکہ میں جب لوگ ووٹ ڈالتے ہیں تو وہ اپنے من پسند امیدوار کے لیے براہ راست ووٹ نہیں ڈال رہے ہوتے۔تکنیکی لحاظ سے وہ ’’الیکٹر‘‘ کو منتخب کرتے ہیں جوکہ الیکٹورل کالج کا حصہ ہوتے ہیں۔ یہ الیکٹر پھر صدر کو منتخب کرتے ہیں۔ الیکٹورل کالج ریاست سے ریاست تک کا نظام ہے جو نمائندگان پر مشتمل ہوتا ہے جنہیں الیکٹرز کہتے ہیں۔ ان الیکٹرز کا انتخاب ہر ریاست میں الیکشن کے نتیجے میں عمل میں آتا ہے۔ امریکی آئین ساز چاہتے تھے کہ قومی ووٹ کے بجائے صدر علاقائی انتخابات جیتیں تاکہ وہ ملک کے مختلف مفادات کی نمائندگی کر سکیں۔ دو کے علاوہ تمام ریاستوں کے سارے الیکٹر جیتنے والے امیدوار کے حق میں جاتے ہیں، چاہے جیت کا مارجن کتنا ہی کم کیوں نہ ہو۔جیسا کہ میں نے پہلے کہا کہ الیکٹرز کی کل تعداد 538 ہے۔ یہ تعداد ہمیشہ اتنی ہی ہوتی ہے۔اس تعداد میں ایوان نمائندگان کے 435 ممبران، ایک سو سینیٹرز اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے تین ارکان شامل ہیں۔کامیابی حاصل کرنے کے لیے کسی امیدوار کا 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔ اب ڈونلڈ ٹرمپ نے 277ووٹ حاصل کر لیے ہیں۔ وہ سپر پاور امریکا کے صدرمنتخب ہو چکے ہیں۔ اس وقت پاکستان کے عوام کو اس الیکشن کے نتائج کا بے صبری سے انتظار تھا۔کیوں کہ یہاں تحریک انصاف ڈونلڈکو اقتدار میں دیکھنا چاہتی ہے، کیوںکہ وہ سمجھتی ہے کہ پاکستان میں اْس پر لگنے والی پابندیوں اور زیادتیوں کا اگر کوئی مداوا کر سکتا ہے تو وہ ڈونلڈ ٹرمپ ہی ہے۔ تحریک انصاف والے شاید ایسا اس لیے بھی سوچتے ہیں کیوں کہ 2018ء میں جب تحریک انصاف کی حکومت آئی تو اْس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت تھی اور اس جماعت کے کارکن دونوں لیڈران یعنی عمران خان اور ٹرمپ میں بھی خاصی مشابہت پر یقین رکھتے ہیں۔ ا س لیے تحریک انصاف والے اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کو دل و جان سے چاہتے ہیں۔ سونے پر سہاگہ تو مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے ڈال۔ا انہوں نے رواںسال کے وسط میں یہ بات کہی تھی کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا چاہیے، اس سے قبل کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا میں انتخابات جیت کر کہیں کہ انہیں رہا کردیں۔انہوں نے اْس وقت مزید کہا تھا کہ ہماری جماعت کو پنجاب میں اتنا بڑا دھچکا لگا ہے، 30 سال کی سیاست 8 فروری کو ملیا میٹ ہو گئی، اگر آپ اپنے گڑھ میں، اپنے گھر میں ہار جائیں اور نامعلوم افراد سے ہار جائیں، گمنام لوگوں سے ہار جائیں تو کچھ سبق سیکھنا چاہیے کہ ہوا کا رخ کس طرف ہے۔اس لیے جس کا مینڈیٹ ہے اْسے دے دینا چاہیے ورنہ تحریک انصاف کے حامی ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں آنے کے بعد سب سے پہلا کام یہی کریں گے!!! اب یہ باتیں اْنہوں نے نہ جانے کس Contextمیں کہیں تھیں مگر کچھ نہ کچھ تو پس پردہ کہانی چل رہی ہو گی۔بادی النظر میں امریکا میں مضبوط پالیسیاں چلتی ہیں، امریکی مفادات اگر عمران خان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں تو ضرور امریکی حکومت مدد کرے گی، البتہ اگر مفادات نہ جڑے ہوئے تو وہاں کی اسٹیبلشمنٹ کی آنکھیں ماتھے پر ہوں گے۔ ہمیں یہ بات ذہن سے نکال دینی چاہیے کہ امریکا میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد وہ کسی ملک کے لیے اپنی پالیسیاں تبدیل کرتا ہے۔ اگر کسی کے ذہن میں یہ خیال بھی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے آنے کے بعد وہ اسرائیل کو زبردستی غزہ، لبنان یا ایران پر جارحیت سے روکے گا ، ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ ہاں البتہ اْسے قائل کرنے کی کوشش ضرور کرے گا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے وغیرہ۔ ہاں ! ٹرمپ کی یہ خاص بات بھی ہے کہ یہ دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ کاروبار کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ آپ پاکستان امریکا کی 75سالہ تاریخ کا جائزہ لے لیں، ہر دفعہ امریکی الیکشن کے بعد پاکستان کے لیے نئی سے نئی پالیسیاں ہی بنیں۔کچھ کا خیال ہے کہ ہمارے لیے ڈیموکریٹس بہتر ہیں، جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ ہمارے لیے ری پبلکن۔ لیکن تاریخ پڑھ لیں ہمارے ساتھ تو دونوں کے ادوار میں ہی’’ ظلم‘‘ ہوتا رہا،بہرحال حالیہ الیکشن میں اب جبکہ ری پبلکن اْمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوچکے ہیں تو یہ کامیابی پاکستان میں کسی مخصوص جماعت کے لیے بہتر ثابت ہوگی؟ اس بارے میں آپ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ کیوں کہ اس کا سارا دارومدار اور انحصار اس پر ہے کہ حالات کس کروٹ بیٹھتے ہیں۔ اگر امریکا کو عمران خان کی اس خطے میں ضرورت ہوئی تو وہ ضرور اْسے بچائے گا۔ لیکن اگر موجودہ حکومت ہی امریکا کے سارے کام کردے تو پھر امریکا کیوں پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کے برخلاف کسی مخصوص سیاسی پارٹی کو سپورٹ کرے گا؟ بہرکیف امریکا کے ہر نئے الیکشن کے بعد دنیا مزید اْلجھ جاتی ہے، جیسا سوچا ہوتا ہے ویسا ہوتا نہیں ہے،یہ صرف ہمارے ہاں ہی ہوتا ہے کہ آرمی چیف بدلنے سے یہ ہوگا، چیف جسٹس کے بدلنے سے یہ ہوگا، یا نیا چیف الیکشن کمشنر ہمارے فائدے کا ہوگا وغیرہ وہاں ایسا کچھ نہیں ہوتا۔ ہاں! یہ ضرور ہے کہ ہم امریکا سے فائدے کیسے لے سکتے ہیں، کیوں کہ تاریخ میں جب جب امریکا سے فائدہ لینے کے مواقع سامنے آتے رہے، ہم نے اپنے ملک کے ساتھ کیا کیا؟ سب کو یاد ہوگا کہ جب پاکستان نے امریکا اور چین کے درمیان ثالثی میں اہم کردار ادا کیا تھا تو اْس وقت کے وزیر خارجہ ہنری کسنجر کہتے ہیں کہ وہ فکرمند تھے کہ بدلے میں پاکستان ناجانے کس چیز کا مطالبہ کر دے لیکن وہ اس بات پر حیران ہوئے کہ یہاں کے سیاستدانوں نے صرف ذاتی مفادات کی باتیں کیں۔ خیر یہ تو ایک لمبی فہرست ہے، مگر ہم بطور قوم جب قوم ہی نہیں ہیں تو کیسے شکوے اور شکایات؟ اس لیے ہمیں فضول کی اْمیدیں چھوڑ دینی چاہیئں اور اپنی حکمت عملیوں پر غور کرنا چاہیے۔ جہاں جہاں غلطیاں ہوئیں، انہیں سدھارنا چاہیے اور وقت کے جلادوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔