جماعت اسلامی تحریک نہ چلاتی تو آئی پی پیز کی لوٹ مار جاری رہتی: نعیم الرحمٰن
لاہور،فیصل آباد(سٹاف رپورٹر،آن لائن) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پورے ملک میں زونل اجتماعات میں مردوخواتین ارکان سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی تحریک نہ چلاتی تو آئی پی پیز کی لوٹ مار جاری رہتی، راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد کرائیں گے ۔ مٹھی بھر اشرافیہ وسائل پر 77برس سے قابض ہے ، کارکن اس کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کے لیے تیار ہو جائیں، جماعت اسلامی کی ’’حق دو تحریک‘‘ عوام کے ریلیف کیلئے ہے ۔کسی سیاسی اتحاد کاحصہ نہیں بنیں گے ۔اپنے نشان اور جھنڈے کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔ پورے ملک میں ممبر شپ کیمپوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی صرف جماعت لاسکتی ہے اس کے لیے کہ ہمارے پاس منظم تنظیم اور مخلص ٹیم موجود ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے ۔ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس پاکستانی کیلئے کھلے ہیں جو عوام کے حقوق اور ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا چاہتا ہے ۔ ملک کو موجودہ حالات سے نکالیں گے ، اور عوام کی تائید سے اسلامی نظام نافذ کریں گے ۔31 اکتوبر تک ممبر شپ مہم جاری رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی چاروں صوبوں میں50لاکھ نئے ممبرزبنائے گی، دوسرے مرحلے میں عوامی کمیٹیاں بنائیں گے ۔70سال سے سسٹم پر مسلط طبقات، فارم47کی پیداوار، وصیتوں اور وراثتوں سے چلنے والی پارٹیاں اپنی ناکامی تسلیم کریں۔جماعت اسلامی پرامن سیاسی مزاحمت اور عوامی تائید کے ذریعے انہیں ناکامی تسلیم بھی کرائے گی اور انہیں عوام کے سروں سے بھی ہٹائے گی۔ ہمیں ظالموں کا مقابلہ کرنا ہے ، پاکستان کو مافیا سے نجات دلانا ہے ۔ جاگیرداروں، مقامی اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کاروں نے ملک یرغمال بنایا ہوا ہے ۔ ہم سیاسی مزاحمت کے ذریعے وڈیرہ شاہی اور انسانوں کو انسانوں کا غلام بنانے والے نظام سے قوم کو آزاد کرائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہی اس ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قرآن و سنت کا نظام ہی آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے ، جس سے پاکستان کے عوام خوشحال اور محفوظ ہوں گے ۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے کوشاں ہے اور ساری جدوجہد کا مقصد عام آدمی کے حقوق کا تحفظ ہے ۔جماعت اسلامی ملک گیر سطح پر باصلاحیت لوگوں کو جمع کر کے پاکستان کو بحرانوں سے نجات دلائے گی۔