جنرل اسمبلی : غزہ میں جنگ بندی کی ایک اور قرارداد منظور؛ صیہونی بربریت جاری، مزید 44فلسطینی شہید
نیویارک،غزہ(نیٹ نیوز)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک بار پھر غزہ میں فوری غیر مشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور کر لی، قرارداد میں اسرائیل اور حماس سے قیدیوں اور یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔ قرارداد کے حق میں 158ووٹ ڈالے گئے ، امریکہ اور اسرائیل سمیت 9 ممالک نے مخالفت میں ووٹ ڈالا جبکہ 13غیر حاضر رہے ۔اجلاس میں فلسطین کیلئے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کے حق میں بھی قرارداد منظور کی گئی جس کیلئے 159ارکان نے حق میں جبکہ 99نے مخالفت میں ووٹ ڈالا اور 11غیر حاضر رہے ، قرارداد میں اسرائیل سے انروا ایجنسی کے مینڈیٹ کا احترام کرنے ، ایجنسی کو غزہ میں انسانی امداد فراہم کرنے کی اجازت دینے اور عالمی قوانین کی پاسداری کا مطالبہ بھی کیا گیا۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں قرارداد منظور کیے جانے کے باوجود اسرائیل کی غزہ میں بربریت کاسلسلہ جاری ہے ،اسرائیل نے غزہ میں امدادی سامان لے جانے والے قافلوں پر ڈرون حملے کیے اور رہائشی عمارتوں کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں16سکیورٹی گارڈز سمیت 44 فلسطینی شہید اور 82زخمی ہو گئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی فوج نے رفح اور خان یونس میں امدادی قافلوں پر ڈرون حملے کیے ،شہید ہونے والے سکیورٹی گارڈزقافلے کی حفاظت کر رہے تھے ، واضح رہے کہ امدادی سامان لوٹنے کے واقعات پیش آنے کے بعد ہر امدادی قافلے کی حفاظت کیلئے سکیورٹی گارڈز تعینات کیے جاتے ہیں۔دریں اثنا صیہونی طیاروں نے غزہ شہر اور نصیرات میں رہائشی عمارتوں پر بم برسائے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 28فلسطینی شہید ہوئے ۔