جنسی زیادتی کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ
لاہور(میاں رؤف) خواتین کے خلاف جرائم سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ جنسی زیادتی کے کیسز سب سے زیادہ پنجاب میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔ تفصیلا ت کے مطابق آبرو ریزی کے کیسز میں پنجاب سر فہرست رہا۔ ملک بھر میں 7,010 کیسز میں سے 6,624 کیسز پنجاب میں رونما ہوئے ۔اسی طرح سندھ میں خواتین کے اغوا کے سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے ،جن کی تعداد 1,666 رہی۔ غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی خواتین کے رپورٹ کیے گئے کیسز میں سندھ پہلے نمبر پر رہا، جس کے 258 واقعات رپورٹ ہوئے جو کہ پاکستان میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کے تقریباً نصف ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے متاثرہ خواتین اور ان کے لواحقین کو تحفظ،سرپرستی اور یقینی انصاف فراہم کرکے سنگین نوعیت کے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ صوبائی پولیس محکموں میں درج درخواستوں سے حاصل کیے گئے اعدادوشمار پر مشتمل ہے ۔ جو 2023 کے دوران پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں رپورٹ ہونے والے جی بی وی کیسز کا تجزیہ کرتی ہے ۔ اگرچہ صوبائی پولیس کی جانب سے رپورٹ کیے گئے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ، تاہم مزید ہزاروں واقعات کے غیر دستاویزی ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں عصمت دری، اغوا اور غیرت کے نام پر قتل ہونے والی خواتین کے اعداد و شمار پریشان کن ہیں۔ آبرو ریزی کے کیسز میں پنجاب سر فہرست رہا، ملک بھر میں 7,010 کیسز میں سے 6,624 کیسز پنجاب میں رونما ہوئے ،جس کا شرح تناسب 94.5 فیصد رہا،جو ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان میں عصمت دری کے زیادہ تر واقعات پنجاب میں رونما ہوئے ۔ دوسری جانب سندھ میں 188، خیبر پختونخوا میں 187، اور بلوچستان میں عصمت دری کے 11 واقعات رپورٹ ہوئے ۔خواتین کے اغوا کیسز سب سے زیادہ سندھ میں رپورٹ ہوئے ،جہاں 1,666 خواتین کو اغوا کیا گیا جو کہ ملک بھر میں ہونے والے کل اغوا کا 56.4 فیصد ہے ۔جب کہ پنجاب میں 562 کیسز، بلوچستان میں 163 اور خیبرپختونخوا میں 36 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ذرا ئع کا مزید کہنا ہے کہ سندھ میں غیرت کے نام پر قتل خواتین کے عدم تحفظ کے شدید فقدان کو ظاہر کرتا ہے ۔ صوبے میں 258 واقعات رپورٹ ہوئے جو کہ پاکستان میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کے تقریباً نصف ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 129، پنجاب میں 120 اور بلوچستان میں 26 کیسز رپورٹ ہوئے ۔