2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرینگے : عوام کو نچلی سطح پربااختیار بنانے کیلئے پر عزم ہیں:وزیر اعظم

20-12-2018

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت نچلی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے کے لیے پر عزم ہے ، موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرے گی، کسانوں کے حقو ق کا تحفظ کیا جائے گا ، تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات یقینی بنائی جائیں گی ، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی اور صوبہ بھر میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم آفس میں بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات میں کیا،ملاقات کرنے والوں محمد عبدالغفار وٹو ،محمد فاروق اعظم خان ، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی ،سید مبین احمد اور چودھری جاوید اقبال شامل تھے ،ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی جنوبی پنجاب میں خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا، ممبران نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل ، ترقیاتی منصوبوں ،کسانوں کو درپیش مسائل ، تعلیم اور صحت کی صورتحال ،پانی کے مسئلے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا ، وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ماضی میں گورننس کی ناکامی، میرٹ کی نظر اندازی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے جنوبی پنجاب پسماندگی کا شکار ہوا جبکہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرے گی ۔ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں پانی کے مسئلے ، خصوصی طورپر عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مرکزی اورصوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا،ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی طرف سے ڈ ویژنل سطح پر ممبران اسمبلی کی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کیا ، عمران خان نے کہاکہ حکومت نچلی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے کے لیے پر عزم ہے ،موجودہ حکومت کی حالیہ کوششوں سے آج بیرونی سرمایہ کار اور معروف غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں ،آنے والا وقت سماجی طور پر خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کا وقت ہے ۔دریں اثنا عمران خان سے فیصل آباد بار سے تعلق رکھنے والے وکلا کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے وزیرِ اعظم کو فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کا مطالبہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد کی موجودہ آبادی دو کروڑ سے زائد ہے ، انصاف کے حصول کے لئے عوام کو لاہور جاکر اپنے مقدمات کی پیروی کرنا پڑتی ہے ، اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے ، انہوں نے وکلا وفد کی جانب سے پیش کیے جانے والے مطالبے کے حوالے سے وزیرِ قانون کو ہدایت کی کہ بینچ کے قیام کے سلسلے میں اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان اور سٹیک ہولڈرزسے مشاورت کی جائے تاکہ اس مسئلے کا حل تلاش کیا جا سکے ۔