2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

جی ایچ کیو حملہ: عمران خان کو کیس کی نقول فراہم ،8 نومبرکو فرد جر م

02-11-2024

لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں، نامہ نگار خصوصی) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر ملزمان کو جی ایچ کیو حملہ کیس کی نقول فراہم کردیں، شاہ محمود قریشی کے لاہور جیل میں ہونے کی وجہ سے انہیں نقول فراہم نہ کی جا سکیں،عمر ایوب، زرتاج گل، راجہ بشارت، صداقت عباسی، راجہ راشد حفیظ، واثق قیوم عباسی، شیخ رشید اور کرنل (ر) اجمل صابر سمیت 102 ملزمان کو مقدمہ کی نقول فراہم کی جاچکی ہیں جبکہ23 ملزمان میں نقول تقسیم ہونا باقی ہیں،تمام ملزمان میں نقول تقسیم ہونے کے بعد ملزمان پر فرد جرم آٹھ نومبر کوعائد کی جائے گی۔ بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں 5سال نااہلی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل شہزادشوکت پیش نہ ہوئے ، لاہور ہائیکورٹ نے کہ ہم شہزادشوکت کو ہی سنیں گے ، جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دیدی اور کارروائی غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے تحریک انصاف کے بانی چیئر مین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے مالیاتی سکینڈل پر مبنی القادر ٹرسٹ ریفرنس کی سماعت شریک ملزمہ بشریٰ بی بی کی ایک بار پھر عدم حاضری کے باعث 4 نومبر تک ملتوی کردی ۔ نیب کے وکیل نے اعتراض اٹھایا جان بوجھ کر کیس کو طول دینے کی کوشش کی جارہی ہے ،اگر بشریٰ بی بی عدالت نہیں آسکتیں تو عثمان گل کو ہی اپنا پلیڈر مقرردیں،اگر بشریٰ بی بی عدالت نہیں آتیں تو انکے وارنٹ جاری کئے جائیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اعتراضات دور کرکے رجسٹرار آفس کو پیر کو کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ضمانت کی درخواست پر وکیل سے استفسار کیا یہ کیا ہے ؟ ، اس پر تو رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں،آپ نے کہا کہ رولز آف کنسسٹینسی ہے مگر یہ تو مرد ہے ،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی ضمانت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا وہ تو عورت تھی تو تب ضمانت بنی،کل ہی ایک ایسی درخواست انہوں نے خارج کردی، رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے وکالت نامہ جولائی کا اور کاز آف ایکشن نومبر کا ہے ۔