2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

حکمرانوں نے معاہدوں سے انحراف کیا ، 7اکتوبر کے بعداگلے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے:حافظ نعیم

02-10-2024

لاہور، اسلام آباد (نمائندہ خصوصی سے ، سپیشل رپورٹر )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے حکمرانوں نے معاہدوں سے انحراف کیا ہے ، 7اکتوبر کے بعد تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاحکومت کی معاشی دہشتگردی کیخلاف حق دو عوام کو تحریک جاری ہے ، حکمرانوں کو پسپائی پر مجبور کر دیں گے ، عوام کا حق لیکر رہیں گے ،فارم 47سے بننے والی حکومت کی کوئی ساکھ نہیں، یہ آئینی ترمیم نہیں کر سکتی، سیاسی جماعتیں حکومتی جال میں نہ آئیں اور آئینی ترامیم کو مکمل مسترد کر دیں، نئے چیف جسٹس کے آنے کے بعد ترامیم کے مسئلے کو دیکھا جا سکتا ہے وہ بھی صرف مفاد عامہ کے لئے ہوں، اگراس وقت ترامیم کی جاتی ہیں تو یہ طالع آزماؤں کو قوت پہنچانے کے مترادف ہو گی، مرضی کا چیف جسٹس ،مرضی کا جج، مرضی کی عدلیہ ،مرضی کا انصاف یہی تو طالع آزما چاہتے ہیں،اسی کو آمرانہ ذہنیت کہتے ہیں،موجودہ صورتحال میں سب سے بڑی ذمہ داری چیف جسٹس قاضی فائز عیسی پر عائد ہوتی ہے ، وہ اعلان کریں آئینی ترمیم ہویا نہ ہو وہ ایکسٹینشن نہیں لیں گے ،مصر سے عراق تک گریٹر اسرائیل صیہونیوں کا عقیدہ بن چکا ہے ، بھارت، اسرائیل، امریکہ گٹھ جوڑ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا، جماعت اسلامی رواں ہفتہ اہل فلسطین و لبنان سے یکجہتی کے طور پر منائے گی، آج چترال، 4 اکتوبر کو فیصل آبادمیں جلسے ہوں گے ،6 اکتوبر کو کراچی اور7 اکتوبر کو اسلام آباد میں ملین مارچ ہوں گے ،سات اکتوبر وفاقی دارالحکومت کیساتھ ساتھ پورے ملک میں بھی اظہاریکجہتی کے طور پر منایا جائے گا، تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں گھروں سے نکلیں اورپوری دنیا کو بتا دیں کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، مشترکہ احتجاج کیلئے پاکستان کی سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے ، اسے گلوبل بنانے کیلئے عالمی اسلامی تحریکوں سے بھی بات کی جائے گی۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر سے ملاقات کی ہے جس میں 7 اکتوبر کو مشترکہ احتجاج کا اعلان کیا گیا۔جماعت اسلامی کے وفد میں حافظ نعیم الرحمن کے علاوہ لیاقت بلوچ، نصراللہ رندھاوا اور میاں اسلم بھی شامل تھے ۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی بڑھتی جارحیت اور لبنان پر تازہ کارروائیوں پر شدید تشویش ہے ، تمام تر اختلاف سے بالاتر ہوکر فلسطین کیلئے ہمیں ایک ہونا ہے ، پی ٹی آئی7 اکتوبر کیلئے ہمارے ساتھ نکلے گی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا ہم نے مختلف چیزوں پر گفتگو کی ہے ، کوئی بھی ترمیم رات کے اندھیرے میں نہیں ہونی چاہئے ، ہم عوام میں ایک ہی موقف لیکر چلیں گے ،جماعت اسلامی نے غزہ کیلئے بہت کوشش کی اور کررہی ہے ، یہ پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے ، ہم کوشش کریں گے ہماری ملاقاتیں جاری رہیں۔