2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

حکومت بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کیلئے تر جیحی اقدامات اٹھا رہی : وزیراعظم

15-09-2024

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لیے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے ، بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نہ صرف پٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں زر مبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی،الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے ایک جامع فنانشل ماڈل پیش کیا جائے ،اس حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان سے مشاورت کی جائے ،ای وہیکلز کی پالیسی کے حوالے سے تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں اور سٹیک ہولڈرز سے ضروری مشاورت کی جائے ، لیپ ٹاپ سکیم کی طرز پر سرکاری سکولوں کے اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبا میں ای موٹر بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز (بجلی سے چلنے والی گاڑیوں) کے استعمال کے حوالے سے اجلاس وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ای وہیکلز پالیسی اس سال نومبر تک مکمل کی جائے ۔ وزیراعظم نے آئندہ تمام وفاقی سرکاری اداروں صرف الیکٹرک موٹر بائیکس کی خریداری کی جائے گی تا کہ قومی خزانے کی بچت ہو، وزیراعظم کی اس حوالے سے تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایت جاری کرنے کے احکامات دئیے ۔ اجلاس کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2022 سے اب تک مقامی سطح پر 2 اور 3 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لئے 49 لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں جن میں سے 25 کارخانوں میں ان گاڑیوں کو بنانے کا آغاز ہو چکا ہے ۔مقامی سطح پر تیار کی گئی پہلی الیکٹرک کار اس سال دسمبر تک مارکیٹ میں آ جائے گی۔ عالمی یوم جمہوریت پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہم انسانی معاشرے کی بنیادی اور اہم قدر کے طور پر جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا آئینی اقدار کی پاسداری، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم غیر متزلزل ہے ،ان جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے ،آئیں، آج کے دن ہم ایسے عالمی معاشرے کے قیام کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں جو منصفانہ، مساوی اور جامع ہو۔