رائیونڈ روڈ پر سٹیٹ آف دی آرٹ پولیس خدمت مرکز کا افتتاح
لا ہو ر (کرا ئم ر پو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے شہریوں کو ڈیجیٹل پولیسنگ خدمات کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس کا ایک اور پراجیکٹ مکمل ہوگیاہے جس سے لاہور کے مضافات کے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی، صوبہ بھر میں 100 سے زائدخدمت مراکز شہریوں کو پولیسنگ کی ڈیجیٹلائزڈ خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوئے آصل رائے ونڈ روڈ پرسٹیٹ آف دی آرٹ پولیس خدمت مرکز کے افتتاح کے موقع پرکیا۔آئی جی پنجاب نے کہا نجی ہاؤسنگ سکیم کے تعاون سے بنایا گیا پولیس خدمت مرکز جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات سے آراستہ ہے جہاں ایک ہی چھت تلے پولیس کریکٹر سرٹیفیکٹ، پولیس ویریفیکیشن، لائسنس کی تجدید اور کرایہ داری اندراج سمیت خدمت مرکز کی تمام سہولیات حاصل کرسکیں گے ، صوبائی دارالحکومت میں 19ویں پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کیا گیا ہے ، قبل ازیں 18 خدمت مرکز فعال ہیں، شہریوں کی سہولت اور گھر کی دہلیز پرپولیسنگ سہولیات کی فراہمی کیلئے جدید انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے حامل پراجیکٹس شروع کئے جارہے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کی،آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سنیں ، فوری ریلیف کے احکامات جاری کئے ۔ آئی جی پنجاب نے ہیڈ کانسٹیبل محمد رشید (مرحوم) کے بیٹے کی فیملی کلیم پر بھرتی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل ناصر محمود کی ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ میں تبادلے کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ سب انسپکٹر (ریٹائرڈ) قریشی اعجاز احمد کی بطور انسپکٹر دوبارہ تقرری کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت دی ۔ آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل جمیل کو ٹریننگ برانچ میں تبادلہ منسوخ کرنے کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو ریلیف کی درخواست کی ، غازی کانسٹیبل کوثر اسلام کی تبادلے منسوخ کرنے کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو ریلیف کی ہدایت کی ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن ، ویلفیئر اور ایڈمن امور سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام افسران بھجوائی گئی درخواستوں پر فوری ایکشن لے کر بروقت ریلیف فراہم کریں ۔