ریاض:آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
راولپنڈی ،ریاض(سپیشل رپورٹر،این این آئی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جنرل عاصم منیر کا شاہی محل پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات میں سعودیہ پاکستان تعلقات اور ان کو فروغ دینے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا جبکہ مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے پاکستان کیلئے انکی مستقل حمایت پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں انکے اہم کردار کا اعتراف کیا۔سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور دیگر حکام نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی سعودی مملکت کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے علیحدہ بھی ملاقات ہوئی۔ معززین نے دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقاتوں میں سعودی عسکری قیادت بھی موجودتھی۔