سب کہتے تمہاری منگنی زینب سے ہوچکی :اسامہ خان
لاہور(نیٹ نیوز) اداکار اسامہ خان نے شکوہ کیا ہے کہ وہ اپنی شادی کے لیے جیسے ہی کوئی لڑکی تلاش کرنا شروع کرتے ہیں تو سب لوگ انہیں کہتے ہیں کہ ان کی منگنی پہلے سے ہی زینب شبیر سے ہو چکی ہے ۔اسامہ خان نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں ایک سیگمنٹ میں انہوں نے اپنی منگنی سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر بات کی۔انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل پہلی بار ندا یاسر کے ہی مارننگ شو میں ان کی منگنی کی بات ہوئی تھی، جہاں سے خبر وائرل ہوئی۔ان کے مطابق پہلی بار ان کی اور زینب شبیر کی منگنی کی خبریں اس وقت پھیلیں جب دونوں کی ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران کھچوائی گئی عروسی لباس کی تصاویر وائرل ہوئیں، پہلے شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد دینا شروع کی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھی ان کی منگنی اور بعد ازاں شادی کی خبریں وائرل ہوئیں۔ اسامہ خان کا کہنا تھا کہ غیر ارادی طور پر ان کی اور زینب شبیر کی منگنی کی افواہیں پھیلیں لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں۔ اسامہ خان نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی اور زینب شبیر کی منگنی یا شادی کی افواہیں پھیلنے سے دونوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی زیادہ نقصان ہوا ہے ۔