سعودی عرب:ڈرون تکنیک کے استعمال سے کاربن اخراج میں 66 فیصد کمی
ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے دوسرے بڑے شاہی ریزرو امام ترکی بن عبداﷲ رائل نیچر ریزرو میں ڈرون کے استعمال کے نتیجے میں کاربن کے اخراج میں 66 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔عرب ٹی وی کے مطابق نیچر ریزرو ترقیاتی اتھارٹی نے گزشتہ روز رپورٹ میں بتایا کہ اس تکنیک سے پودوں کی نشو و نما میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو 2018 میں 1.4 فیصد سے بڑھ کر 8.5 فیصد ہو گیا۔ امام ترکی بن عبداﷲ رائل نیچر ریزرو 91,500 مربع کلومیٹر پر محیط مملکت کا دوسرا بڑا شاہی ریزرو ہے ، جہاں جنگلی حیات کی 138 اور پودوں کی 179 منفرد اور خاص اقسام پائی جاتی ہیں۔امام ترکی بن عبداﷲ رائل نیچر ریزرو اپنی بھرپور ماحولیات، شاندار مناظر اور ورثے کے لیے جانا جاتا ہے ۔ ریزرو میں ماحولیاتی تحفظ اور نگرانی کے منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر 40 ڈرونز استعمال کئے جا رہے ہیں جن کی مدد سے درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے علاوہ دیگر سرگرمیوں کی بھرپور نگرانی ہو رہی ہے۔