2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

سٹار شپ راکٹ کے ہیوی بوسٹر کی کامیابی سے واپسی

15-10-2024

سپیس ایکس نے سٹار شپ راکٹ کی پانچویں آزمائشی پرواز کے راکٹ کا سپر ہیوی بوسٹر لانج ٹاور کے بازوئوں پر کامیابی سے واپس آ گیا ہے جسے سپیس ٹیکنالوجی میں بڑی کامیابی مانا جا رہا ہے۔ انسان چاند کی تسخیر کے بعد مریخ سمیت دیگر سیاروں پر کمند ڈال رہا ہے۔یہاں تک کہ بھارت بھی مریخ کے مدار میں اپنا راکٹ کامیابی سے پہنچاچکا ہے۔ اسے مسلم دنیا کا المیہ کہا جائے یا حکمرانوں کی عدم توجہی کہ مسلمان ملک ابھی تک سپیس سائنس میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔ پاکستان نے اپنے سیٹلائٹس خلا میں ضرور چھوڑے ہیں مگر ان کی لانچنگ کے لئے بھی چین سے مدد لی گئی حالانکہ پاکستان ساٹھ کی دہائی میں بلوچستان سے اپنے سیٹلائٹ کو کامیابی سے لانچ کر چکا تھا مگر بعد کی حکومتوں کی عدم توجہی کی وجہ سے ہم خلائی سائنس میں پیچھے رہ گئے۔ پاکستان نے 2035ء تک اپنا راکٹ چاند پر اتارنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے جو اسی صورت ممکن ہو سکتا ہے کہ پاکستان سپیس ٹیکنالوجی میں جدت لانے کے لئے ناصرف لانچنگ پیڈ پاکستان میں بنائے بلکہ پاکستانی یونیورسٹیوں میں سپیس سائنس کے شعبے کو بھی ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ بنایا جائے ۔ بہتر ہو گا کہ حکومت سپیس سائنس کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے مطلوبہ فنڈز فراہم کرے اور یونیورسٹیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرے تاکہ پاکستان سپیس ٹیکنالوجی میں اپنی خود کفالت کی منزل حاصل کر سکے۔