سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ ایک ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگئی
کراچی(نیوز ایجنسیاں)کاروبار ہفتے کے آخری روزپاکستان سٹاک مارکیٹ نے بلندیوں کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم کردیا ۔پہلی بار100 انڈیکس1لاکھ1ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا،1274پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس1لاکھ 1ہزار357 پوائنٹس پربند ہوا۔مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب68ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمائے کا مجموعی حجم 127کھرب روپے سے بڑھ کر 128کھرب روپے ہو گیا۔سٹاک مارکیٹ کے مجموعی کاروبار میں تقریبا1.27فیصد اضافہ ہوااور58.37فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر278.05روپے پر مستحکم رہی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 1پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قدر279.07روپے ہو گئی۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2100 روپے کے اضافے سے 277300 روپے کی سطح پر آگئی۔