سٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار، 3370 پوائنٹس کا اضافہ
کراچی (صباح نیوز)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار ہے ۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 370 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار کی نئی حد بھی عبور کرگیا۔ پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے دوران 3 بجکر 26 منٹ پر بینچ مارک 100 انڈیکس 3 ہزار 543 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار 353 پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ بدھ کو مارکیٹ ایک لاکھ 10ہزار 810 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔ کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 3ہزار 370 پوائنٹس یا 3.04 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار 180 کی سطح پر بند ہوا۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو محمد سہیل نے سوشل میڈیا ویب سائٹ لنکڈ اِن پر ایک پوسٹ میں نشاندہی کی کہ سٹاک مارکیٹ میں 180 فیصد منافع ریکارڈ کیا گیا جو صرف 18 ماہ میں 40 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 12 ہزار تک پہنچ گئی ہے ۔سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بھی بڑا اضافہ ہو گیا۔جمعرات کو ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2300 روپے کا اضافہ ہوا۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اس اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 82 ہزار 800 روپے ہو گئی ہے ۔